حیدرآباد ۔ نہرو زوالوجیکل پارک میں ایک رائل بنگال شیر کادمبا ہفتے کی رات فوت ہوگیا ۔ اس کی عمر 11 سال تھی ۔ زو پارک کے عہدیداروں نے بتایا کہ اس شہر میںعلالت کی کوئی علامات نہیں پائی گئی تھیں تاہم گذشتہ چند دن سے وہ غذا سے بے رغبت ہوگیا تھا ۔ اس کے بعد اسے نگرانی میں رکھا گیا تھا ۔ امراض حیوانات کے ماہرین نے شیر کا پوسٹ مارٹم کیا جس کی رپورٹ کے مطابق حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے اس کی موت ہوئی ہے ۔ زو کے عہدیداروں نے بتایا کہ تمام ضروری خون اور عضلات کے نمونے بھی حاصل کرلئے گئے ہیں تاکہ مزید معائنے کئے جاسکیں ۔ کہا گیا ہے کہ جانوروں کے تبادلے کے پروگرام کے تحت اس شیر کو پلوکولا بائیلوجیکل پارک منگلور ( کرناٹک ) سے مارچ 2014 میں یہاں لایا گیا تھا ۔ واضح رہے کہ گذشتہ دس دنوں کے دوران زو میں یہ دوسرا شیر ہے جو فوت ہوا ہے ۔ 25 جون کو کرن نامی ایک شیر بھی ٹیومر ہونے کی وجہ سے فوت ہوگیا تھا ۔