حیدرآباد :۔ موسم سرما میں درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ نہرو زوالوجیکل پارک کے عہدیداروں نے زو پارک کے جانوروں کو سردی سے بچانے اور انہیں گرم رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کئے ہیں کیوں کہ درجہ حرارت میں متواتر کمی ہورہی ہے ۔ عہدیدار جانوروں کی صحت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ زو کے جانوروں کے لیے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ انھیں صحت کے کوئی مسائل نہ ہوں ۔ اس میں تمام شیروں کے لیے روم ہیٹرس ، نائٹ ہاوزس کو ٹاٹ کے تھیلوں سے کور کیا گیا ہے تاکہ ٹھنڈی ہوا نہ آنے پائے ۔ پرندوں کے نائٹ انکلوژرس کو 50 فیصد ٹاپ لیول گرین کلاتھ سے کور کیا گیا ، چھوٹے بندر ، گلہری وغیرہ کے لیے چھوٹے لکڑی کے باکسیس فراہم کئے گئے ہیں ۔ دھان کے خشک بھوسہ اور نائٹ ہاوز میں روم ہیٹر کے ساتھ ۔ رینگنے والے جانوروں کے لیے خشک پتے ، بلبس ، چھوٹے گھڑے اور ڈینس فراہم کئے گئے ہیں تاکہ وہ سرد ہوا سے محفوظ رہیں ۔ چوہوں کے انیمل ہاوزس ڈیر بریڈنگ سنٹر کو ہرے رنگ کے کپڑے سے کور کیا گیا ہے اور ہر جانور کے نائٹ ہاوز میں سوکھا دھان کا بھوسہ رکھا گیا ہے تاکہ وہ سرما کی سرد لہروں سے محفوظ رہیں ۔ رات کے انیمل ہاوز کے لیے نومبر تا جنوری تین ماہ کے لیے ایرکنڈیشن کو روک دیا گیا ہے ۔ تمام گوشت خور جانوروں کے نائٹ ہاوزس میں لکڑی کے تختے رکھے گئے ہیں ۔ ان تمام انتظامات کے علاوہ جانوروں اور پرندوں کے لیے بی کامپلکس سپلمنٹس فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ انہیں موسم سرما کی سردی کا مقابلہ کرنے میں مدد ہو ۔ انہیں موسمی پھل اور ترکاریاں بھی دی جارہی ہیں جو ان کی صحت کے لیے مفید ہیں ۔۔
