زو پارک میں جاپان سے کنگروس کے دو جوڑ لائے جائیں گے

   

حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد کے نہرو زوالوجیکل پارک میں جاپان سے ایسٹرن گرے کنگروس کے دو جوڑ لائے جائیں گے ۔ نہرو زوالوجیکل پارک کی کیوریٹر سوبھدرا دیوی نے بتایا کہ وہ آنے والے مہینوں میں زو فیملی کا حصہ ہوں گے ۔ یہ کنگروس جاپان کے یوکوپاما زو سے یہاں زو پارک میں آئیں گے ۔ کیوریٹر نے یہ اعلان اس وقت کیا جب حیدرآباد کے گلینڈ فارما سیوٹیکلس لمٹیڈ نے نہرو زوالوجیکل پارک میں کنگرو انکلوژر کی تعمیر اور مینٹیننس کے لیے 20 لاکھ روپئے کا عطیہ دینے کے لیے پیشقدمی کی ۔ گلینڈ فارما سیوٹیکلس لمٹیڈ کے سی ایس آر ہیڈ ، رگھورام اور سی ایس آر ممبرس پی سمپت کمار اور سواتی نے زو پارک پہنچ کر چیک پیش کیا ۔ اکلوژر کے لیے کام 2021-22 کے دوران شروع کیا جائے گا ۔ بعد ازاں رگھورام اور ان کی ٹیم کے ارکان نے زو کے عہدیداروں کے ہمراہ تمام انیمل انکلوژرس کا مشاہدہ کیا اور ان کے مینٹیننس کی ستائش کی ۔ انہوں نے مالیاتی سال 2022-23 میں بھی مزید مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ۔ سوبھدرا دیوی نے رگھورام اور گلینڈ فارما سیوٹیکلس کے دیگر عہدیداروں کا اس جذبہ خیر سگالی کے لیے شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وبا کے اس موسم میں یہ عطیہ زو میں انفراسٹرکچر کو فروغ دینے میں بہت معاون ہوگا ۔ انہوں نے تمام شہریوں اور کارپوریٹ سے اپیل کی کہ زو میں جانوروں کو ایڈاپٹ کرنے کیلئے آگے آئیں اور وائیلڈ لائف کے تحفظ میں حصہ لیں ۔۔