زو کے بیاٹری گاڑیوں کے 20 ڈرائیورس ڈیوٹی سے علیحدہ

   

کورونا کا اثر زو کے دوبارہ کشادگی کے بعد دوبارہ غور کرنے زو حکام کا تیقن
حیدرآباد : کورونا کا اثر شہر حیدرآباد کے نہرو زوالوجیکل پارک پر نظر آرہا ہے۔ زو حکام نے ماحولیات کے تحفظ کے لئے بیاٹری سے گاڑی چلانے کا فیصلہ کیا تھا۔ مرکزی حکومت کی جانب سے زو کو بند کردینے کے احکامات جاری کرنے کے بعد زو میں بیاٹری کی گاڑی چلاتے ہوئے گاڑی میں بیٹھنے والوں کو جانوروں، پرندوں کا نظارہ کرایا کرتے تھے، انھیں فوری اثر کے ساتھ خدمات سے ہٹادیا گیا ہے۔ زو کی دوبارہ کشادگی تک ڈیوٹی پر نہ آنے کی انھیں ہدایت دی گئی ہے۔ تب بھی حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرنے سے انھیں واقف کرایا گیا ہے، جس سے بیاٹری سے چلائی جانے والی گاڑیوں کے ڈرائیورس مایوس اور ناراض ہیں۔ انھوں نے زو حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سرکاری قواعد کے مطابق انھیں پہلے 6 ماہ کی تنخواہ ادا کریں۔ قواعد پر عمل کئے بغیر زو حکام نے انھیں ملازمت سے ہٹادیا ہے جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں اور فوری 6 ماہ کی تنخواہ ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں لیکن زو حکام نے ایک ماہ کی تنخواہ بھی ادا کئے بغیر انھیں ملازمت سے علیحدہ کردیا ہے۔ ماضی میں سابق زو کیوریٹر شیوانی ڈوگرا نے بھی بڑے پیمانے پر 200 ملازمین کو راتوں رات ڈیوٹی سے بیدخل کردیا تھا۔ ان ملازمین نے حکومت اور ریاستی وزیر جنگلات سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آوٹ سورسنگ ملازمین کی ہر طرح سے مدد کریں۔