حیدرآباد 28 اپریل (پی ٹی آئی) تلنگانہ ریاستی انسانی حقوق کمیشن نے ایک خاتون اور اُس کے نومولود بچے کی موت سے متعلق میڈیا رپورٹ پر ریاستی محکمہ صحت کے عہدیداروں سے رپورٹ طلب کی ہے۔ یہ زچہ رواں کوویڈ لاک ڈاؤن کے دوران 6 دواخانوں کے چکر کاٹنے کے باوجود ڈاکٹروں اور متعلقہ عملہ کی توجہ سے محروم رہی تھی۔ کمیشن نے تلگو روزنامہ میں شائع شدہ خبر پر ازخود نوٹ لیتے ہوئے محبوب نگر کے ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر اور گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل محبوب نگر کے سپرنٹنڈنٹ کے علاوہ گورنمنٹ میٹرنٹی ہاسپٹل کوٹھی کو نوٹس جاری کی ہے۔ کمیشن نے اِس مسئلہ پر مزید سماعت کا فیصلہ کیا ہے۔