زہرہ سہگل کے اعزازمیں گوگل کا ڈوڈل

   

نئی دہلی:گوگل نے ہندوستانی سنیما کی مشہور اداکارہ اور ڈانسر زہرہ سہگل کے اعزاز میں منگل کو ڈوڈل بنا کر انہیں یاد کیا۔زہرہ سہگل 27 اپریل 1912 کو اترپردیش کے سہارن پورمیں پیدا ہوئیں۔ جب وہ 20 سال کی تھیں توانہوں نے جرمنی کے ایک مشہور اسکول میں بیلے ڈانس سیکھا۔ بعد میں انہوں نے ہندوستانی کلاسیکل ڈانس لیجنڈ ادے شنکر کے ساتھ بین الاقوامی دورے کئے ۔1962 میں زہرہ سہگل لندن چلی گئیں اور برطانیہ میں کئی ٹیلی ویژن سیریلز میں کام کیا۔ زہرہ سہگل نے ہندی سمیت کئی زبانوں کی فلموں میں یادگار کردار ادا کیے۔ زہرہ سہگل بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت قائم کرنے والے ملک کے اولین فنکاروں میں سے ایک تھیں۔انہیں 1998 میں پدم شری ، 2001ء میں کالیداس سمان ، 2004 میں سنگیت ناٹک اکیڈمی ایوارڈ اور 2010 میں پدم وبھوشن سمیت متعدد ایوارڈز ملے ۔ امیتابھ بچن کے ساتھ انہوں نے فلم ’’چینی کم‘‘ میں ان کی والدہ کا رول ادا کیا تھا۔