پٹنہ: آر جے ڈی لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے بہار میں شراب بندی قانون کو لے کر ایک بار پھر وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں شراب بندی کی ناکامی نتیش کمار کی ناکامی ہے اور زہریلی شراب کے ہر واقعہ میں ہر موت کے ذمہ دار خود نتیش کمار ہیں۔ انہوں نے سوال کیاہے کہ کیا نتیش کمار کو نہیں معلوم کہ شراب بندی کے قانون کے ناقص نفاذکی وجہ سے ریاست میں 20 ہزار کروڑ کی متوازی غیر قانونی معیشت کھڑی ہوئی ہے، جس کا سب سے زیادہ فائدہ جے ڈی یو-بی جے پی میں بیٹھے شراب مافیا کے لوگ ،سرکاری افسران اٹھارہے ہیں۔ اورپولیس انتظامیہ کے لوگ ہیں؟تیجسوی یادو نے الزام لگایاہے کہ نتیش کمار نے انتہائی غلط طریقے سے شراب پر پابندی سے غیر قانونی آمدنی کو اپنی پارٹی کی ریڑھ کی ہڈی بنا دیاہے۔ شراب مافیا سے ملی بھگت کے الزام میں آج تک کسی بھی اعلیٰ افسر یا حکمران لیڈر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے، جب کہ بی جے پی-جے ڈی یو کے لیڈروں کے خلاف مسلسل ثبوت مل رہے ہیں