دنیا بھر میں13 واں مقام ۔ معمول سے بہت زیادہ بارش
حیدرآباد۔23جولائی (سیاست نیوز) عالمی سطح پر جن شہرو ںمیں سب سے زیادہ بارش ہورہی ہے ان میں تلنگانہ کے ضلع نظام آباد کو 13واں مقام حاصل ہوا ہے۔ ایڈوراڈو نامی موسمی پیش قیاسی والے امریکی ادارہ کی جاری تفصیل میں کہا گیا کہ نظام آباد عالمی سطح پر ان 15 شہروں میں شامل ہوچکا ہے جہاں سب سے زیادہ بارش ہورہی ہے اور نظام آباد کو 13واں مقام ملا ہے۔ ادارہ کے مطابق صرف نظام آباد شہر میں 183 ملی میٹر بارش ریکار ڈ کی گئی ہے جو کافی زیادہ ہے۔ تلنگانہ میں مجموعی اعتبار سے جون اور جولائی کے دوران بارش سے کافی زیادہ بارش ہوچکی ہے اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ یکم جون تا22 جولائی تلنگانہ میں مجموعی اعتبار سے 474.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ گذشتہ برسوں کے دوران اس مدت میں 292.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاتی رہی ہے لیکن جاریہ سال کے دوران کافی زیادہ بارش ہوئی ہے۔ شہر میں ماہ جولائی کے دوران جو بارش ہوئی ہے وہ پچھلے ریکارڈس توڑ چکی ہے۔ یکم جون تا 22 جولائی شہر میں مجموعی اعتبار سے 388.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ سابق میں اس مدت میں224.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاتی تھی اس مرتبہ 73.2 فیصد اضافی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔