جامع مسجد رنجہول میں مفتی سید نعیم الدین قادری کا خطاب
ظہیرآباد ۔27 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جامع مسجد رنجہول ظہیرآباد میں جلسہ فضائل شب برات کا آغاز امام مسجد ھذا کی قراء ت قرآن مجید سے ہوا بعد ازاں کمسن طلبا نے بارگاہ سید کونینؐ میں ہدیہ نعت پاک پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ مولانا مفتی سید نعیم الدین قادری متولی درگاہ سید لطیف قادری گڑپلی نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ پندرہویں شعبان یعنی شب براء ت کی قرآن واحادیث میں بڑی فضیلت آئی ہے چنانچہ آقاؐ نے فرمایا کہ اس رات میں سال بھر کی تقدیری اموار حیات وممات ورزق وغیرہ کے فیصلے طے ہوتے ہیں اور بیشمار بندے جن پر جہنم واجب ہوگئی تھی سچی توبہ کرنے پر جہنم سے آزادی کاپروانہ حاصل کرلیتے ہیں ۔اس رات میں زیارت قبور بھی ثابت ہے۔ آج کے دور میں زیارت قبور کی کثرت سے ضرورت ہے تاکہ اس کے ذریعہ یہ یقین پکا ہو کہ ہمیں سب چھوڑ کر اسی مقام آناہے ، زیارت قبور سے دنیا کی رغبت کم ہوتی ہے اور انسان اپنی آخرت کی فکر کرنے لگتا ہے۔ مفتی صاحب نے ایصال ثواب کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ بارگاہ خداوندی میں رقت انگیز دعا وسلام بحضور خیر الانام پر محفل کا اختتام عمل میں آیا۔