حیدرآباد۔/10 جولائی، ( سیاست نیوز) آصف نگر کے علاقہ زیبا باغ میں کل رات دیر گئے دو گروپس کے درمیان ہوئے جھگڑے کے بعد فرقہ وارانہ کشیدگی کے واقعات کے سلسلہ میں پولیس نے دو علحدہ مقدمات درج کئے ہیں۔ اس واقعہ کا نوٹ لیتے ہوئے پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار بھی آج پولیس اسٹیشن آصف نگر پہنچ گئے اور وہاں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کل رات بعض شرپسند عناصر نے محمد چاند کے مکان پر اس وقت سنگباری کردی تھی جب وہ شراب نوشی پر اعتراض کیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی جس کے نتیجہ میں بھاری پولیس فورس متعین کردی گئی تھی اور دونوں گروپس کے ارکان کے خلاف فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس کمشنر انجنی کمار نے پولیس اسٹیشن کے عملے سے تبادلہ خیال کیا اور سی سی ٹی این ایس کے تحت کرائم کی فائیلس کی آن لائن جانچ کی۔
ایم بی بی ایس ؍ بی ڈی ایس میں داخلے
کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی کی الاٹمنٹ لسٹ جاری
حیدرآباد۔/10 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے گورنمنٹ میڈیکل کالجس ، پرائیویٹ اور مسلم میناریٹی میڈیکل کالجس میں ایم بی بی ایس کے ساتھ ڈینٹل کالجس میں داخلے کیلئے کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی آف ہیلت سائینس نے ویب آپشن کیلئے امیدواروں کو الاٹمنٹ آف سیٹ کی لسٹ جاری کردی ۔ اس سال مسلمہ طلبہ کو نیٹ کے 454 نشانات پر داخلے حاصل ہوئے جبکہ سال گزشتہ 397 نشانات پر داخلے ملا تھا۔مسٹر ایم اے حمید کیریئر کونسلر سیاست نے بتایا کہ اس مرتبہ سخت مسابقت رہی اور کئی طلبہ کو داخلے نہ ملنے پر مایوسی دیکھی گئی۔
