زیرتعمیر ینگ انڈیا ریزیڈنشیل اسکول کا معائنہ

   

نلگنڈہ ۔ 13 جنوری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر بی چندر شیکھر نے انجینئرنگ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ نلگنڈہ کے ایس ایل بی سی میں زیرِ تعمیر ینگ انڈیا انٹیگریٹڈ ریزیڈنشیل اسکول کے اکیڈمک بلاک اور کلاس رومز کا کام آئندہ تعلیمی سال سے قبل مکمل کرکے انہیں حوالے کیا جائے۔ضلع کلکٹر نے آج ایس ایل بی سی میں ینگ انڈیا انٹیگریٹڈ رہائشی اسکول کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایگزیکٹیو انجینئر بالا پرساد کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کام بلا تعطل جاری رکھا جائے اور ایک دن بھی کام بند نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ مدت سے پہلے تعمیر مکمل کی جائے بالخصوص اکیڈمک بلاک اور کلاس رومز کی تکمیل آئندہ تعلیمی سال تک ہر حال میں یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ینگ انڈیا انٹیگریٹڈ ریزیڈنشیل اسکولوں کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور تعمیر مکمل ہوتے ہی فنڈز بھی جاری کیے جا رہے ہیں اس لیے اس منصوبے پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے کام کی رفتار میں تیزی لائی جائے۔ ضلع کلکٹر نے متعلقہ حکام کو اسکول کے اطراف کمپاؤنڈ وال کی تعمیر اور پورے کیمپس کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ منگوڈے میں زیرِ تعمیر اسکول کے کام کو بھی اسی رفتار سے مکمل کرنے اور دیگر حلقوں میں شروع کیے گئے ینگ انڈیا انٹیگریٹڈ ریزیڈنشیل اسکولوں کی سائٹس کو فوری طور پر پوزیشن میں لینے کی ہدایت دی گئی۔ایگزیکٹیو انجینئر بالا پرساد نے نقشہ کے ذریعہ ضلع کلکٹر کو نلگنڈہ ینگ انڈیا انٹیگریٹڈ ریزیڈنشیل اسکول کی تفصیلات سے واقف کرایا جن میں اسکول بلاکس، ہاسٹل، کلاس رومس، پرنسپل اور اسٹاف کوارٹرز سمیت دیگر سہولیات شامل ہیں۔اس موقع پر بلدیاتی اداروں کے انچارج ایڈیشنل کلکٹر آر ڈی او وائی اشوک ریڈی نلگنڈہ تحصیلدار پرشورام انجینئرنگ عہدیدار اور دیگر افسران موجود تھے۔