زیرک پور بائی پاس کی تعمیر کو کابینہ کی منظوری

   

نئی دہلی: مرکزی حکومت نے 1878.31 کروڑ روپئے کی لاگت سے پنجاب اور ہریانہ میں نیشنل ہائی وے (O) کے تحت زیرک پور بائی پاس کی تعمیر کو منظوری دی ہے ۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج یہاں منعقدہ اقتصادی امور سے متعلق کابینہ کمیٹی کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی گئی۔یہ پروجیکٹ 6 لین زیرک پور بائی پاس کے طور پر مکمل کیا جائے گا جو نیشنل ہائی وے 7زیرکپور ۔ پٹیالہ کے جنکشن سے شروع ہو کر پنجاب اور ہریانہ میں نیشنل ہائی وے (O) کے تحت ہائبرڈ اینوٹی موڈ پر نیشنل ہائی وے 5 زیرکپور۔ پروانوکے سنگم پر ختم ہوگا۔اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے بتایا کہ اس بائی پاس کی کل لمبائی 19.2 کلومیٹر ہوگی۔ یہ پی ایم گتی شکتی نیشنل ماسٹر پلان کے اصول کے تحت مربوط نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی سہولت فراہم کرنے کی طرف ایک اہم قدم ہے ۔زیرک پور بائی پاس پنجاب حکومت کے ماسٹر پلان کے تحت ہے جو زیرک پور میں این ایچ ۔ 7(چندی گڑھ ۔ بٹھنڈہ) کے جنکشن سے شروع ہوتا ہے اور این ایچ ۔ 5 (زیرک پور۔پروانو) کے جنکشن پر ہریانہ کے پنچکولا میں ختم ہوتا ہے ۔اس پروجیکٹ کا بنیادی مقصد پٹیالہ، دہلی، موہالی ایروسیٹی سے ٹریفک کا رخ موڑ کر ہماچل پردیش سے براہ راست رابطہ فراہم کرکے زیرک پور، پنچکولہ اور آس پاس کے علاقوں کو بھیڑ کو کم کرنا ہے ۔ اس کے علاوہ، یہ سفر کے وقت کو کم کرے گا اور بھیڑ والے شہری علاقوں میں پریشانی سے پاک ٹریفک کو یقینی بنائے گا۔