جے پور: ایس ڈی آر ایف کی ٹیم نے ان 20 لوگوں کو بحفاظت باہر نکالا جو راجستھان کے باڑمیر ضلع کے دھوری منا قصبے کے نشیبی علاقوں میں سمندری طوفان بپرجوائے کے سبب پانی بھرنے سے اپنے گھروں میں پھنس گئے تھے ۔ ایس ڈی آر ایف کے کمانڈنٹ راج کمار گپتا نے بتایا کہ ہفتہ کی دوپہر 2:30 بجے پولیس کنٹرول روم باڑمیر اور سب ڈویژنل آفس دھوری منا کو ایس ڈی آر ایف راجستھان کنٹرول روم جے پور سے اطلاع ملی کہ بپرجوائے طوفان کی وجہ سے گھروں میں پانی بھر جانے کی وجہ سے کچھ لوگ دھوری منا قصبے کے نشیبی علاقے پھنس گئے ہیں۔ اس کے بعد ایس ڈی آر ایف کی ٹیم کو فوری طور پر آفات سے نمٹنے اور بچاؤ کے کام کے لیے جائے وقوعہ پر بھیجا گیا۔ ریسکیو ٹیم کے سربراہ11 جوانوں اور آفات سے نمٹنے کے آلات کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے ، ٹیم کمانڈر نے صورتحال کا جائیزہ لیا اور ایس ڈی آر ایف کمانڈنٹ کو بتایا کہ طوفان بپرجوائے کی وجہ سے شدید بارش سے نشیبی علاقوں میں کالونیوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ باڑمیر ضلع کے دھوری منا قصبے کے علاقے زیرآب آگئے اور بہت سے لوگ اپنے گھروں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ زیادہ بارش سے پورا علاقہ زیر آب آ گیا ہے اور کالونی میں تقریباً تین سے پانچ فٹ پانی بھر گیا ہے ۔