حیدرآباد ۔6۔ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے تمام زیر التواء آبپاشی پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کیلئے حکومت نے جامع منصوبہ تیار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ نلگنڈہ ضلع کے آبپاشی پراجکٹس جلد مکمل کئے جائیں گے ۔ اتم کمار ریڈی نے نلگنڈہ کے آبپاشی پراجکٹس کے بارے میں عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ نارکٹ پلی میں لفٹ اریگیشن پراجکٹ کا چیف منسٹر ریونت ریڈی پیر کے دن افتتاح کریں گے ۔ چیف منسٹر کے دورہ کے انتظامات کے سلسلہ میں اتم کمار ریڈی نے عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے دورہ نلگنڈہ کے موقع پر کسانوں اور عوام کی جانب سے شاندار استقبال کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے سیاسی انتقامی جذبہ کے تحت نلگنڈہ کے آبپاشی پراجکٹس کو نظر انداز کردیا تھا۔ کانگریس دور حکومت میں جن پراجکٹس کا آغاز ہوا، ان کی تکمیل کانگریس دور حکومت میں ہوگی۔ بی آر ایس کے دس سالہ دور میں نلگنڈہ کے پراجکٹس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پراجکٹس کی تکمیل کیلئے درکار فنڈس جاری کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سری سیلم لفٹ اریگیشن پراجکٹ کے ٹنل کے کام کا عنقریب آغاز ہوگا۔ اتم کمار ریڈی نے بی آر ایس اور بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کانگریس حکومت کی بڑھتی عوامی مقبولیت سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ 1