زیر التواء ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرلیا جائے

   

عہدیداروں کو ریاستی وزیر کونڈا سریکھا کی ہدایت، میدک میں جائزہ اجلاس، ارکان اسمبلی کی شرکت

میدک ۔ 27 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹریٹ آڈیٹوریم ہال میں ضلع کلکٹر میدک راہول رائے کی صدارت میں میدک ضلع ترقیاتی پروگرام کا ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں جائزہ اجلاس ضلع ا نچارج وزیر ریاستی وزیر جنگلات و ٹورازم کنڈہ سریکھا کی بحیثیت مہمان خصوصی شرکت ہوئی۔ ایم پی میدک رگھونندن راؤ کے علاوہ ضلع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی ڈاکٹر مائنم پلی روہت راؤ، وی سنیتا لکشما ریڈی، رکن اسمبلی نارائن کھیڑ سنجیوا ریڈی، ایم ایل سی ایس سبھاش ریڈی، ایم ایل سی ڈاکٹر یادو ریڈی، صدر نشین ایس سی ایس ٹی مکیش، بی وینکٹیا کی بھی شرکت ہوئی۔ کنڈا سریکھا نے کہا کہ ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ ہمہ جہتی ترقی کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ میدک ضلع میں مختلف ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے لئے اب تک 12 ہزار کروڑ کی اجرائی عمل میں آچکی ہے۔ حکومت عنقریب مستحقین میں راشن کارڈس اور ہیلت کارڈس کے ڈیجیٹل کارڈس جاری کرے گی۔ انہوں نے اہل صحافیوں کو مکانات الاٹ کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔ کنڈہ سریکھا نے میدک میں گورنمنٹ میڈیکل کالج کے قیام پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں کو چاہئے کہ خانگی اسکولس اور کالجس میں طلبہ سے لی جانے والی فیسوں پر کنٹرول رکھیں اور اسکولس میں زیر التواء ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرلیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہالکشمی اسکیم کے تحت ہر مستحق کو پکوان گیس سلنڈر فراہم کرنے پر زور دیا اور صفر کرنٹ بل کے تحت مفت برقی سربراہی کے عمل کو مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ دھرانی کے زیر التواء کاموں کو مکمل کریں اور کہا کہ محکمہ آر ٹی سی کی بسوں کو ہر دیہات کے لئے سرویس دیں۔ ایم پی میدک رگھونندن راؤ میدک کے چیگنٹہ پر سرکاری جونیر کالج کے قیام پر زور دیا۔ رکن اسمبلی میدک ڈاکٹر مائنم پلی رجیش راؤ رکن اسمبلی نرساپور وی سنیتا لکشما ریڈی نے بھی شرکت کی اور مختلف ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کیا اور عہدیداروں کو مختلف ہدایتیں دیں۔