صفائی پروگرام پر توجہ دینے کی ہدایت، محبوب نگر میں عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
محبوب نگر۔/16 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسمبلی انتخابات سے متعلق زیر التواء فائیلوں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔ ضلع کلکٹر محبوب نگر جی روی نائک نے کلکٹریٹ میں ریوینیو عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں ہدایت دی۔ انہوں نے شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم کیلئے وصول ہوئی درخواستوں کی جانچ کی ہدایت دی۔ پہلے وصول ہونے والی درخواستوں کو پہلے منظور کئے جانے ترتیب برقراررکھیں۔ ریت کی فراہمی میں رکاوٹ اور مسائل کو دور کیا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر موہن راؤ، آر ڈی او انیل کمار کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ دریں اثناء کلکٹر نے ایک اور اجلاس میں کہا کہ ضمانت روزگار، صفائی کے پروگرام توجہ کے ساتھ جاری رکھے جائیں۔ ضلع کلکٹر روی نائیک نے کلکٹریٹ میں ایم پی ڈی اوز، ایم پی پیز، اے پی او اور گرام پنچایت سکریٹریز کے ساتھ جائزہ اجلاس میں ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ضمانت روزگار اسکیم کے تحت مزدوروں کی شرح میں اضافہ کیا جائے، مزدوروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ صد فیصد ہاوز ٹیکس وصول کیا جائے، تاحال صرف 40 فیصد ٹیکس ہی وصول ہوا ہے۔ دیہاتوں میں کھیل کود کیلئے تقسیم کئے گئے اسپورٹس کٹ کے بہتر استعمال پر توجہ دی جائے۔ اجلاس میں بلدیاتی اداروں کے انچارج، ایڈیشنل کلکٹر، ڈی آر ڈی او یادیا، ڈی پی او وینکٹیشورلو، ضلع پریشد سی ای او جیوتی ، ڈی ایف او ستیہ نارائنا، ہارٹیکلچر اے ڈی سائی بابا و دیگر موجود تھے۔