زیر التوا مرکزی فنڈز: ممتا کی مودی سے ملاقات

   

نئی دہلی: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے چہارشنبہ کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں ریاست کے لیے زیر التوا مرکزی فنڈز کے معاملے پر بات کرنے کے لیے مرکزی اور ریاستی حکومت کے افسران کی مشترکہ میٹنگ بلانے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ بنرجی کے ساتھ ترنمول کانگریس کے نو ارکان پارلیمنٹ نے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ ترنمول ایم پی کے وفد نے مسٹر مودی کو ایک خط بھی پیش کیا جس میں ریاست کا زیر التواء مرکزی فنڈز جاری کرنے کی درخواست کی گئی۔میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ وزیراعظم نے مطالبات کو سنا اور انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس کا حل تلاش کرنے کے لیے مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کے افسران کی ایک مشترکہ میٹنگ کا اہتمام کریں گے ۔ وزیراعلیٰ بنرجی نے کہا کہ 150 سے زیادہ مرکزی ٹیمیں پہلے ہی مغربی بنگال کا دورہ کر چکی ہیں اور ان کی حکومت نے انہیں زیر التواء فنڈز کے بارے میں تمام تفصیلات اور وضاحتیں دیں۔انہوں نے کہا، ‘‘اس سے پہلے میں (ممتا بنرجی) وزیر اعظم سے تین بار مل چکی ہوں۔ ان منصوبوں میں مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت دونوں کی حصہ داری ہے ۔ اس لیے مرکزی فنڈز کو روکنا درست نہیں ہے ۔