زیر تعمیر رعیتو ویدیکا کے تعمیری کاموں کی پداپلی کلکٹر نے کی تنقیح

   

پداپلی۔وقت مقررہ پر رعیتو ویدیکا کی تعمیر مکمل کرنے کی پداپلی ضلع کلکٹر بھارتی ہولیکیری نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔پداپلی منڈل کے چیکو رائی موضع ‘ پالا کْرتی منڈل کے پْوٹنورو موضع میں زیر تعمیر رعیتو ویدیکا کے تعمیری کاموں کا بروز چہارشنبہ ضلع کلکٹر نے بنیادی سطح سے معائنہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ کسانوں کی فلاح کے تحت حکومت نے 22لاکھ روپیوں کی لاگت سے ہر کلسٹر میں ایک رعیتوویدیکا تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رعیتوویدیکا کے تعمیر ی پیشرفت سے متعلق انھوں نے عہدیداروں سے تفصیلات دریافت کیں۔ حکومت کے احکامات کے بموجب بر وقت رعیتو ویدیکا کی تعمیر کو مکمل کرنے کے تحت تمام ضروری اور موثر اقدامات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ ضلع میں موجود 54 کلسٹروں کی سطح پر رعیتو ویدیکا کی تعمیر ی پیشرفت سے متعلق تفصیلات یومیہ سطح پر پیش کرنے اور حکومت کی جانب سے تیار کردہ ایپ میں اپلوڈ کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ رعیتو ویدیکا کی تعمیر کے لئے درکار سامان فوری خریدنے اور ریتی کی قلت کو دور کرنے کے تحت اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ رعیتو ویدیکا کے تعمیری کاموں میں سرعت پیدا کرتے ہوئے سپٹمبرکی 15 تاریخ تک تعمیری کام مکمل کرنے کے تحت موثر لائحہ عمل تیار کر عمل کرنے کی ہدایت دی۔ پالاکْرتی منڈل کے پوٹنورو گرام پنچایت میں کے حدود میں تعمیر کئے جانے والے رعیتو ویدیکا کی پیشرفت کو لے کر ضلع کلکٹر نے عدم اطمینان کا مظاہرہ کیا اور کہا کہ رعیتو ویدیکا کی تعمیر ی کاموں کو جلد از جلد مکمل کریں۔ تعمیری کاموں میں کاہلی کا مظاہرہ کرنے پر ضلع کلکٹر نے سخت کاروائی کا انتباہ کیا۔پداپلی تحصیلدار شرینواس ‘ ای ای پنچایت راج مْنی راج ‘ پنچایت سکریٹریز ‘ سر پنچ ‘ متعلقہ عہدیداران وغیرہ اس موقع پر ضلع کلکٹر کے ہمراہ موجود تھے۔