زیر تعمیر عمارت کی دیوار منہدم ۔ دو مزدور ہلاک

   

3 زخمی ۔ اڈہ گٹہ میں حادثہ ۔ متاثرین کا اوڈیشہ سے تعلق
حیدرآباد۔/7 ستمبر، ( سیاست نیوز) کوکٹ پلی اڈہ گٹہ میں زیر تعمیر عمارت کی دیوار منہدم ہونے سے دو مزدور ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔ ملبہ سے مزدوروں کی نعشوں کو نکال کر پولیس نے ہاسپٹل منتقل کیا اور زخمیوں کو علاج کیلئے روانہ کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اڈہ گٹہ میں ایک عمارت زیر تعمیر ہے جو شرائط اور قواعد کے عین خلاف ہے۔ حادثہ کے بعد بلدی حکام بھی اڈہ گٹہ پہنچے اور اجازت ناموں کی جانچ کی۔ مہلوکین اور زخمیوں کا تعلق اوڈیشہ سے بتایا گیا ۔ 23 سالہ نتو بڈنائیک اور 19 سالہ ساتیہ چلدان برسر موقع ہلاک ہوگئے جبکہ بلدرام بڈنائیک، سونیا بڈنائیک اور بدھا جن کی عمریں 16 سال بتائی گئی ہیں شدید زخمی ہوگئے ۔یہ مزدور عمارت کی چھٹویں منزل میں کام کررہے تھے کہ دیوار کے ساتھ چھٹی منزل سے نیچے گرپڑے ۔ دیوار کو سپورٹ اور مزدوروں کی مدد کیلئے لگائی گئی گوے کی لکڑیاں ٹوٹ گئیں اور مزدور بلندی سے گر کر ہلاک ہوگئے۔ عمارت کی تعمیر میں کوئی احتیاطی اقدامات نہیں کئے گئے اور نہ مزدوروں کے تحفظ کیلئے کوئی اقدام کیا گیا تھا۔ زخمی و ہلاک مزدور کام میں مصروف تھے۔ اس حادثہ کے بعد مقامی سیاسی قائدین اور رکن اسمبلی نے عمارت کا معائنہ کیا اور مہلوک مزدوروں کے افراد خاندان کو مدد کا تیقن دیا۔ بلدی حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کیلئے صرف 5 منزلہ تعمیر کی اجازت تھی جبکہ شرائط کے خلاف چھٹی منزل تعمیر کی جارہی تھی۔ بلدی حکام نے لاپرواہی و مبینہ پشت پناہی کے الزام کو مسترد کردیا اور کہا کہ ذمہ داروں اور بلڈر کے خلاف بلدی قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔ع