زیر زمین سطح آب میں اضافہ کے باوجود ایک دن کے وقفہ سے سربراہی آب

   

مشین بھگیرتا کے تحت گھر گھر پانی کی سربراہی کا وعدہ وفا نہ ہوسکا
حیدرآباد۔ ریاست میں زیر زمین سطح آب میں اضافہ کے علاوہ تمام ذخائر آب لبریز ہوجانے کے باوجود شہر حیدرآباد میں ایک دن کے وقفہ سے پانی کی سربراہی کی جا رہی ہے جبکہ ریاستی حکومت اور محکمہ آبرسانی کی جانب سے شہر حیدرآباد میں روزانہ پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جاسکتے ہیںکیونکہ شہر حیدرآباد کو حمایت ساگر اور عثمان ساگر کے پانی کی سربراہی کے عمل کا بھی دوبارہ آغاز ممکن ہے ۔جاریہ ماہ کے وسط میں اور ماہ ستمبر کے دوران ہونے والی بارش کے سبب شہر حیدرآباد کے ذخائر آب کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے بیشتر تمام ذخائر آب لبریز ہوچکے ہیں اور ان میں کئی ذخائر آب کے ذریعہ پانی کا اخراج عمل میں لایا گیا لیکن روزانہ پینے کے پانی کی سربراہی کے سلسلہ میں کوئی اقدامات نہیں کئے گئے اگر حکومت کی جانب سے شہری علاقوں کے عوام کو ایک دن کے وقفہ کے بجائے روزانہ پانی کی سربراہی کے اقدامات کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں شہریوں کو کافی راحت حاصل ہوگی ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست میں مشن بھگیرتا کے تحت گھر گھر پینے کے صاف پانی کی سربراہی کا اعلان کیا گیا تھا اور اس سلسلہ میں ریاست بھر میں بھاری انفراسٹرکچر بھی تیار کیا گیا لیکن شہر حیدرآباد میں ایک دن کے وقفہ سے پانی کی سربراہی کی جا رہی ہے ۔محکمہ آبرسانی کے ماہرین کا کہناہے کہ ریاستی حکومت اور محکمہ آبرسانی کی جانب سے شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں روزانہ پانی کی سربراہی کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں دو سال تک پینے کے پانی کی سربراہی میں کوئی قلت نہیںہوگی اسی لئے حکومت اور محکمہ آبرسانی کو اس سلسلہ میں جلد مشاورت کرتے ہوئے فیصلہ کرنا چاہئے ۔ ذخائر آبا سے پانی کے اخراج کے باوجود بھی ان میں موجود پانی کے استعمال کا سلسلہ جاری رکھے جانے کی صورت میں زیر زمین سطح آب میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا کیونکہ پانی میں ہلچل سے ہی سطح آب میں اضافہ ریکارڈ ہونے کے امکانات پائے جاتے ہیں۔ دونوں شہر وں حیدرآباد و سکندرآباد کے شہریوں کی جانب سے بھی حکومت سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ شہری علاقو ںمیں روزانہ پینے کے پانی کی سربراہی کے اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو درپیش پینے کے پانی کی قلت کو فوری طور پر ختم کیا جاسکے ۔ شہر کے کئی علاقو ں کے شہریوں کو روزانہ کے اساس پر پینے کے لئے پانی خرید کراستعمال کرنا پڑرہا ہے اور اگر حکومت اور محکمہ آبرسانی کی جانب سے یہ فیصلہ کیا جاتا ہے تو اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور شہریوں کو بڑی راحت حاصل ہوگی۔