کیف : یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی کی اہلیہ اولینا زیلنسکی کے حالیہ بیانات نے 2024 میں یوکرین میں ہونے والے ممکنہ انتخابات میں زیلنسکی کی شرکت پر سوال اٹھایا ہے۔بزنس انسائیڈر کی ایک رپورٹ کے مطابق زیلنسکایا نے امریکی صحافیوں کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ انہیں یقین نہیں ہے کہ آیا ان کے شوہر 2024 میں دوسری مدت کیلئے انتخاب لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ اس بات پر منحصر ہوگا کہ آیا ہمارے معاشرے کو بطور صدر ان کی ضرورت ہے ۔اسی انٹرویو میں انہوں نے مزید چونکا دینے والے انکشافات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ انہوں نے صدارتی انتخابات میں پہلی بار شرکت کے دوران اپنے شوہر کی امیدواری کی مکمل حمایت نہیں کی تھی۔واضح رہے کہ یہ بیان ملک کے ایک بڑے حصے کے جنگ سے متاثر ہونے پر آئندہ انتخابات کے مستقبل کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔اس سے کچھ عرصہ قبل ، زیلنسکی نے کہا تھا کہ ملک میں مارشل لاء کے اعلان کے دوران انتخابات کا انعقاد ممنوع ہے، لیکن ایسا امکان موجود ہے اگر متعلقہ قانون سازی کی تبدیلیوں کو پارلیمنٹ کی حمایت حاصل ہو، اگر مغرب فنڈز مختص کرے، اور مبصرین کو “خندقوں تک” رسائی حاصل ہو۔