زیورات کی دکان میں سرقہ کرنے والی بین ریاستی سارقوں کی ٹولی گرفتار

   

راچہ کنڈہ پولیس کی بہار میں کارروائی، سیکوریٹی کی بروقت چوکسی سے بڑا سرقہ محفوظ
حیدرآباد ۔ 11 ستمبر (سیاست نیوز) راچہ کنڈہ پولیس نے زیورات کی دکان میں سرقہ کرنے والی بین ریاستی سارقوں کی ٹولی کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر پولیس راچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے بتایا کہ بدنام زمانہ آراریہ بہار کی ٹولی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ کمشنر پولیس نے بین ریاستی ٹولی کی قلیل مدت میں گرفتاری پر پولیس کی ستائش کی اور اس کارکردگی کو بہترین اقدام قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ 33 سالہ شہباز عالم، 28 سالہ محمد شاہد، 25 سالہ محمد منظور عالم، 23 سالہ قاسم، 20 سالہ آفتاب عالم اور 22 سالہ اعظم کو گرفتار کرلیا اور انہیں مقامی عدالت میں پیش کرتے ہوئے ٹرانزیٹ وارنٹ پر حیدرآباد منتقل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کی خصوصی ٹیموں کو بہار روانہ کیا گیا تھا۔ یہ ٹولی سرقہ کرنے کے بعد سکندرآباد ریلوے اسٹیشن سے داناپور ایکسپریس کے ذریعہ بہار روانہ ہوئے تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس نے اس ٹولی کو چلتی ٹرین سے گرفتار کرنے کا منصوبہ بنایا اور عین پولیس راچہ کنڈہ کے منصوبہ کے مطابق پہلے چار افراد کو چلتی ٹرین سے گرفتار کیا گیا جبکہ ان چار افراد کے اقبالی بیان اور ان سے حاصل اطلاعات کے بعد مزید دو افراد کو پولیس نے گرفتار کیا۔ 4 ستمبر کی رات کشائی گوڑہ کے علاقہ میں واقع ایک زیورات کی دوکان وینائیکا جویلرس میں سرقہ کی واردات پیش آئی تھی۔

سارقوں کی اس ٹولی نے دیوار میں نقب کرتے ہوئے زیورات کے شوروم کو لوٹ لیا۔ تاہم کمپنی میں موجود سیکوریٹی الرٹ سسٹم کے سبب بڑا واقعہ ٹل گیا۔ زیورات کی دوکان کے مالک نے دوکان میں سیکوریٹی الرٹ سسٹم کو نصب کیا تھا جس کا تعلق بنگلور سے ہے ۔شوروم میں چاندی لوٹنے کے بعد جیسے ہی یہ سارق سونے کی جانب بڑھے بنگلور سے دوکان مالک کو چوکسی کا پیغام آیا اور راتوں رات میاں بیوی شوروم کے پاس پہنچ گئے۔ اس دوران انہوں نے شوروم سے 5 تا 6 افراد کو باہر بھاگتے ہوئے دیکھا اور فوراً کنٹرول روم کو اطلاع دی جہاں دیکھتے ہی دیکھتے پولیس کی ٹیمیں پہنچ گئیں اور مقام سے دستیاب ایک بیاگ اور اس سے حاصل مواد پر اس ٹولی کی نشاندہی کی گئی۔ یہ ٹولی بہار کے ضلع آراریہ سے تعلق رکھتی ہے جہاں کے اکثر لوگ اسی طرح کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ یہ علاقہ نیپال کے سرحدی علاقہ میں پایا جاتا ہے۔ پولیس راچہ کنڈہ مزید تحقیقات کررہی ہے۔