زیورات کے لالچ میں ایک عورت کا قتل، قاتل گرفتار

   

کاماریڈی : 30/ اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع ایس پی راجیش چندرا نے بتایا کہ شوہر کی وفات کے بعد تنہا رہنے والی خاتون کو سونے اور چاندی کے زیورات کی لالچ میں ایک شخص نے اس کا قتل کر دیا۔ ضلع ایس پی راجیش چندرا آج پولیس ہیڈ کوارٹر پر ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ20؍ اپریل کو کاماریڈی ضلع کے لنگم پیٹ منڈل میں پیش آئے لکشمی قتل کیس میں تحقیقات کرنے پر پتہ چلا کہ لکشمی تنہا تھی اور اس کی ایک دختر تھی اور یہ مزدوری کر کے اپنا گزر بسر کرتی تھی۔ اس کی بیٹی سیریشا کی شادی ہو چکی ہے اور وہ حیدرآباد میں مقیم ہے روزآنہ فون پر اپنی ماں سے بات چیت کرتی تھی۔ 20؍ اپریل کو جب لکشمی گھر میںتنہا تھی۔ عادی مجرم سری کانت نے بات چیت کے دوران اسے ساڑی سے گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔ بعد ازاں وہ اس کے جسم پر موجود سونے اور چاندی کے زیورات لے کر فرار ہو گیا۔لکشمی کی بیٹی دو دن گزرنے کے باوجود سیریشا کو ماں کی طرف سے فون نہ آیا تو اس نے 23 اپریل کو پڑوسیوں کے ذریعے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی۔ جب لکشمی کے گھر سے بدبو آنے لگی تو پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس نے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی۔ مقامی سی سی ٹی وی کیمروں کا جائزہ لینے پر پتہ چلا کہ لنگم پیٹ منڈل کے کنناپور گاؤں سے تعلق رکھنے والے پرانے مجرم سری کانت کی نقل و حرکت مشکوک تھی۔ اسے حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی گئی، جس میں اس نے جرم کا اعتراف کر لیا۔ اس کے قبضے سے سونے چاندی کے زیورات اور موبائل فون برآمد کیے گئے۔کیس کی تحقیقات میں نمایاں خدمت انجام دینے والے ایلارڈی سرکل انسپکٹر رویندر نائیک، لنگم پیٹ، کانسٹیبلز مرلی، جاوی نائیک اور آئی ٹی کور ٹیم کے رکن سرینواس کو ایس پی نے خصوصی طور ان کی ستائش کی۔