ساؤتھ سنٹرل ریلوے میں کرناٹک اور تلنگانہ کے ارکان پارلیمنٹ کا اجلاس

   

جاریہ مالیاتی سال 5737 کروڑ کی ریکارڈ آمدنی
حیدرآباد 25 اکٹوبر (سیاست نیوز) ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے زیراہتمام تلنگانہ اور کرناٹک کے ارکان پارلیمنٹ کا اجلاس آج ریل نیلائم سکندرآباد میں منعقد ہوا۔ مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی کے علاوہ دونوں ریاستوں کے 10 ارکان پارلیمنٹ نے اجلاس میں شرکت کی۔ جنرل منیجر ارون کمار جین، ڈیویژنل ریلوے منیجر بھرتیش کمار جین، ڈیویژنل ریلوے منیجر حیدرآباد لوکیش وشنوی اور دیگر سینئر عہدیداروں نے ارکان پارلیمنٹ کو ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے حدود میں جاری ترقیاتی کاموں سے واقف کرایا۔ ارون کمار جین نے خیرمقدمی تقریر میں کہاکہ ساؤتھ سنٹرل ریلوے مسافرین کے لئے بہتر خدمات کی فراہمی کے اقدامات کررہی ہے۔ علاقہ میں نئی ٹرینوں کے علاوہ خصوصی ٹرینوں کے ذریعہ مسافرین کے ہجوم سے نمٹنے کے اقدامات جاری ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ 2023-24 ء کے دوران ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے 141 ملین ٹن باربرداری کا ریکارڈ قائم کیا ہے جس سے 13620 کروڑ کی آمدنی ہوئی ہے۔ مسافرین کے ذریعہ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کو 5731 کروڑ کی ریکارڈ آمدنی ہوئی۔ ارون کمار جین نے بتایا کہ گزشتہ 10 برسوں میں ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے 61 نئی ٹرین سرویسس کا آغاز کیا۔ علاقہ میں 5 وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کا آغاز ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں 268 روڈ اوور بریجس تعمیر کئے گئے۔ ارکان پارلیمنٹ نے ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی کارکردگی کی ستائش کی۔ اجلاس میں جن ارکان نے شرکت کی اُن میں کے آر سریش ریڈی، جی نگیش، آر رگھو رام ریڈی، بلرام نائک، شریمتی ڈی کے ارونا، ایٹالہ راجندر، رگھونندن راؤ، ڈاکٹر کڈیم کاویا، ساگر ایشور کھنڈرے اور ڈی رادھا کرشنا شامل ہیں۔ 1