ساؤتھ سنٹرل ریلوے میں یوگا ڈے، جنرل منیجر ارون کمار جین کی شرکت

   

حیدرآباد۔/21 جون، ( سیاست نیوز) ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے 9 ویں انٹر نیشنل یوگا ڈے کا ریلوے اسپورٹس کامپلکس سکندرآباد میں اہتمام کیا۔ ارون کمار جین جنرل منیجر، راجیو کشور پرنسپل چیف پرسنل آفیسر، مختلف محکمہ جات کے سربراہوں، عہدیداروں اور اسٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس پر یہ پروگرام لائیو پیش کیا گیا۔ جاریہ سال یوگا کو تمام کی بھلائی کے نعرہ کے ساتھ منعقد کیا گیا جس کا اہم موضوع ایک دنیا ایک خاندان رکھا گیا تھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ارون کمار جین نے کہا کہ یوگا سے صحت مستحکم ہوتی ہے اور ذہنی سکون کے ذریعہ مختلف مسائل کا سامنا کرنے اور حل کرنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔ یوگا کے ذریعہ ذہنی تناؤ کو کم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں اور ملازمین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی زندگی میں یوگا کو باقاعدگی کے ساتھ شامل کریں۔ بہت صحت اور ڈسپلن زندگی کیلئے یوگا ضروری ہے۔ یوگا کے مشہور ٹیچر اور اسٹیٹ کوآرڈینیٹر آرٹ آف لیونگ سوسائٹی مراری موہن نے یوگا کے مختلف آسن بتائے اور سینکڑوں افراد نے اس پر عمل کیا۔ انٹر نیشنل یوگا ڈے کا ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے دیگر ڈپارٹمنٹس میں بھی انعقاد عمل میں آیا۔ انسٹی ٹیوٹ آف سگنل انجینئرنگ اور ٹیلی کمیونیکیشن، انڈین ریلویز انسٹی ٹیوٹ آف فینانشیل مینجمنٹ اور زونل ریلوے ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں بھی یوگا ڈے منایا گیا۔ر