ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے 12 ملازمین کو سیفٹی ایوارڈز

   

حادثات کو روکنے میں کامیابی پر جنرل منیجر ارون کمار جین کی ستائش
حیدرآباد۔/12 ستمبر، ( سیاست نیوز) جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے ارون کمار جین نے ریلوے کے 12 ملازمین کو ’ میان آف دی منتھ ‘ سیفٹی ایوارڈز پیش کئے۔ سیفٹی سے متعلق ریل نیلائم میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں بہتر کارکردگی اور ڈیوٹی انجام دہی پر 12 ملازمین کو ایوارڈ کا مستحق قرار دیا گیا۔ سیفٹی اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے سربراہوں اور عہدیداروں نے شرکت کی جن کا تعلق حیدرآباد، وجئے واڑہ، گنتکل، گنٹور اور ناندیڑ سے ہے۔ ارون کمار جین نے ورچول موڈ میں 12 ملازمین کو ایوارڈ پیش کئے جن میں سکندرآباد ڈیویژن کے 3 ، وجئے واڑہ ڈیویژن کے 4، گنتکل ڈیویژن کے 3 اور ناندیڑ و گنٹور ڈیویژنس کے ایک، ایک ملازمین شامل ہیں۔ ان ملازمین نے اپنی بروقت چوکسی کے ذریعہ ٹرین حادثات کو روکنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ یہ ایوارڈز متعلقہ ڈیویژنس کے ڈیویژنل ریلوے منیجرس شخصی طور پر پیش کریں گے۔ ارون کمار جین نے ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے حدود میں سیفٹی اور احتیاطی تدابیر پر جائزہ اجلاس منعقد کیا اور عہدیداروں سے کہا کہ مسافرین کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے ایم ایم ٹی ایس ٹرینوں کی آمد ورفت میں بھی سیفٹی اقدامات پر توجہ دینے کی ہدایت دی۔ جنرل منیجر نے مختلف ریلوے اسٹیشنوں کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔