ساؤتھ ویسٹ زون میں روڈی شیٹرس کے ساتھ پولیس کا جانبدارانہ رویہ

   

روڈی شیٹر کی کونسلنگ کے باوجود سیاسی پشت پناہی ، پولیس بے بس
حیدرآباد /29 اگست ( سیاست نیوز ) شہر میں روڈی شیٹرس کی کونسلنگ اور انہیں پابند کرنے کے اقدامات جاری ہیں تو وہیں دوسری طرف چند روڈی شیٹرس کو کھلی چھوٹ دینے کے پولیس پر الزامات پائے جاتے ہیں ۔ خاص کر ایسے روڈی شیٹرس جو سیاسی پشت پناہی رکھتے ہیں ۔ ایسے روڈی شیٹرس کے خلاف پولیس کوئی کارروائی نہیں کرتی ۔ اب جبکہ شہر میں سیاسی ماحول گرما گیا ہے اور انتخابی سرگرمیاں عملاً شروع ہوگئیں ۔ ایسے حالات میں روڈی شیٹرس بھی سیاسی آقاؤں کی خوشنودی کیلئے سرگرم ہوگئے ہیں اور انتخابات میں اپنا رول ادا کرنے کیلئے کوششوں میں جٹ گئے ہیں ۔ شہر میں پولیس کی جانب سے جاری اقدامات اور کارروائیوں کا ان روڈی شیٹرس پر کوئی اثر نہیں پڑتا اور ایسے روڈی شیٹرس پر بھی پولیس سختی سے گریز کر رہی ہے جو دوست مند اور سیاسی اثر و رسوخ رکھتے ہیں ۔ پولیس کی جانب سے کونسلنگ کیلئے طلب کرنے کے باوجود بھی وہ غیر حاضر رہتے ہیں ۔ پولیس کی کونسلنگ میں شرکت کرنے والے اکثر روڈی شیٹرس کا یہ احساس ہے کہ دولت مند اور سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والے روڈی شیٹرس کے خلاف پولیس کوئی سختی نہیں کرتی ۔ بلکہ معمولی روڈی شیٹرس ہی کو کاررائی کا نشانہ بنارہی ہے۔ حیدرآباد سٹی پولیس کے نوٹیفکیشن شدہ ساؤتھ ویسٹ زون اور خاص کر ویسٹ زون کے علاقہ میں پائے جانے والے روڈی شیٹرس ان دنوں کافی سرگرم ہوگئے ہیں ۔ پرانے شہر کے علاقہ میں واقع روڈی شیٹرس کا بھی ایسا ہی کچھ حال ہے ۔ معاملہ فہمی سیٹلمنٹ اراضیات پر قبضہ اور قبضوں کی برخواستگی رقمی وصولی کے معاملات اور تنازعات کی یکسوئی جیسے سرگرمیوں میں روڈی شیٹرس مشغول ہوگئے ہیں ۔ ساؤتھ ویسٹ زون کے حدود میں روڈی شیٹرس کی سرگرمیوں کو ان دیکھا کرنے کے پولیس پر الزامات پائے جاتے ہیں اور پولیس ان الزامات کے گھیرے میں بھی آگئی ہے کہ آیا سیاسی دباؤ کے آگے وہ ان روڈی شیٹرس کو پابند نہیں کرتی جو سیاسی اثر و رسوخ رکھتے ہیں ۔ ساؤتھ زون کے ایک پولیس اسٹیشن میں روڈی عناصر کی اکثریت پائی جاتی ہے ۔ جو شہر میں کسی بھی طرح کے حالات پر اثر انداز ہونے کا ہنر رکھتے ہیں ۔ دولت مند بھی ہیں اور سیاسی اثر و رسوخ بھی پایا جاتا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ایک روڈی شیٹر کی روڈی شیٹ حیدرآباد کمشنریٹ منتقل ہوئی جو ساؤتھ ویسٹ زون کے ایک پولیس اسٹیشن کو منتقل کیا گیا۔ اس روڈی شیٹر کے علاوہ دیگر روڈی عناصر سے نرمی کا پولیس پر الزام ہے ۔ چونکہ پولیس کی کونسلنگ میں بھی وہ شریک نہیں ہوتا اور نہ ہی پولیس اسٹیشن میں اس کی کوئی شناخت پائی جاتی ہے ۔ جبکہ وہ پولیس اسٹیشن حدود میں باضابطہ دکھائی دیتا ہے ۔ اس روڈی شیٹر کے ساتھ مبینہ نرمی دوسرے روڈی عناصر میں تشویش کا سبب بنی ہوئی ہے ۔ جو پولیس کے رویہ پر سخت حیرت کا شکار ہیں ۔ ریاست میں انتخابات کے پیش نظر جہاں سرکاری مشنری تیاریوں میں جٹی ہوئی ہے اور پولیس بھی اپنا کام کر رہی ہے وہیں پولیس کی جانب سے مجرمانہ غفلت شہر کے ماحول کیلئے پریشان کا سبب بن سکتی ہے ۔ کمشنر پولیس سخت اقدامات کو انجام دے رہے ہیں لیکن ان کے ماتحت عملہ پر غفلت اور لاپرواہی کے الزامات پائے جاتے ہیں ۔ جو شہریوں میں تشویش کا سبب بنے ہوئے ہیں۔ ع