کروڑہا روپئے مالیتی منشیات ضبط
حیدرآباد ۔ 20 جولائی (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائی میں ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے کروڑہا روپئے مالیتی منشیات کو ضبط کرلیا۔ سائبرآباد اسپیشل آپریشن ٹیم، شمس آباد اور مادھاپور زون نے مشترکہ کارروائی میں ایک بین ریاستی ٹولی کا پردہ فاش کردیا اور چار افراد کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر اویناش موہنتی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 7 کروڑ روپئے مالیتی ہیروئن کو ضبط کرلیا گیا ہے۔ کمشنر نے بتایا کہ گرفتار افراد کا تعلق راجستھان سے ہے۔ پولیس نے نیمی چند بھائی، نرپت سنگھ، اجے بھائی اور ہرش سروی کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ان کا ایک سرغنہ سنتوش آچاریہ راجستھان پولیس کی جانب سے گرفتار کرلیا گیا اور وہ جودھپور جیل میں قید ہے۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ نیمی چند اور نرپت سنگھ سنتوش آچاریہ کے ذریعہ ایم ڈی ایم اے اور ہیروئن حاصل کرتے تھے جو اصل سربراہ کرنے والا سرغنہ ہے۔ نیمی چند ڈھائی ماہ قبل حیدرآباد منتقل ہوا اور اسی دوران اس کے برادرنسبتی اجے بھائی نے اس سے رابطہ کیا اور منشیات کی منتقلی اور فروخت کے تعلق سے منصوبہ تیار کیا گیا اور دیگر دونوں ہم وطن ساتھیوں کو اس سازش میں شامل کرلیا اور تمام نے منشیات کو مادھاپور میں فروخت کرنے کا منصوبہ تیار کیا اور ایک کیلو ہیروئن کو چار چھوٹے پیاکٹس میں پیاک کرتے ہوئے حیدرآباد منتقل کیا گیا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ بذریعہ بس ملزمین منشیات کو منتقل کرتے تھے۔ ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مادھاپور اور شمس آباد زون کی ایس او ٹی ٹیموں نے ان کے منصوبہ کو ناکام بنادیا اور ان کے قبضہ سے ایک کیلو ہیروئن، چار اسمارٹ فون کو ضبط کرلیا جس کی مالیت 7 کروڑ 40 ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔ ع