حیدرآباد ۔ 22 جنوری ( سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں میونسپل انتخابات کا پُرامن انعقاد عمل میں آیا ۔ کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے آج مختلف علاقوں میں رائے دہی کا جائزہ لیا ۔ نارسنگی ، پپل گوڑہ ، منی کنڈہ اور بنڈلہ گوڑہ جاگیر میونسپلٹیز میں دورہ کرتے ہوئے رائے دہی کے عمل اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ سائبرآباد پولیس نے رائے دہی کیلئے قبل از وقت بہترین صیانتی انتظامات کو انجام دیا تھا ۔ 4500 پولیس ملازمین کو رائے دہی کے لئے تعینات کیا گیا تھا ۔ سائبرآباد کمشنریٹ حدود میں دو کارپوریشن اور 12میونسپلٹیز آتے ہیں اور ان میونسپلٹیز اور کارپوریشن کیلئے 726 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے تھے ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ رائے دہی کا عمل مکمل طور پر پُرامن رہا اور تمام بیالیٹ باکسوں کو اسٹرانگ رومس میں محفوظ کردیا گیاہے ۔ انہوں نے اسٹرانگ رومس کے نگرانکاروں کو خصوصی ہدایت جاری کی اور بتایا کہ اسٹرانگ رومس پر سخت ترین صیانتی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔