سائبرآباد پولیس کمشنریٹ کی عنقریب ازسرنو حدبندی

   


راجندر نگر زون کی تشکیل یقینی، شنکرپلی کے تحت مزید تین پولیس اسٹیشنوں کا اضافہ

حیدرآباد ۔ 27 اگست (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں ایک اور زون کا اضافہ ہونے والا ہے۔ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ کی ازسرنو حدبندی کی سفارش کو ریاستی حکومت نے کل رات منظوری دیدی ہے۔ ریاستی حکومت کی رضامندی کے بعد اب نئے زون کا اضافہ ہوگا۔ فی الحال موجودہ تین زون کے بعد اب راجندرا نگر زون کی تشکیل عملاً یقینی ہوگئی ہے۔ وسیع رقبہ پر محیط سائبرآباد پولیس کمشنریٹ میں نئے زون کے اضافہ سے سرکاری امور میں آسانی کی امید جتائی جارہی ہے۔ اب جبکہ راجندر نگر کا علاقہ بھی ترقی یافتہ علاقوں میں شمار کیا جانے لگا ہے اور ان علاقوں میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کی آمد اور بڑے اداروں کا قیام بھی ہونے لگا ہے۔ ایسی صورت میں ریاستی حکومت کی رضامندی سے محکمہ جاتی امور میں آسانی ہوگی۔ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں موجودہ زون بالانگر، مادھاپور اور شمس آباد کے علاوہ اب راجندر نگر کا اضافہ ہوگا۔ شمس آباد زون میں شادنگر، چیوڑلہ، راجندر نگر اور شمس آباد ڈیویژن شامل ہیں۔ شمس آباد زون میں شادنگر اور شمس آباد ڈیویژن کو برقرار رکھتے ہوئے راجندر نگر میں چیوڑلہ اور راجندر نگر ڈیویژن کو شامل کرنے کی سفارش پائی جاتی ہے اور مادھاپور زون میں پائے جانے والے نارسنگی پولیس اسٹیشن کو مادھاپور زون سے نکال کر راجندر نگر زون میں شامل کیا جائے گا۔ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ (3,644) مربع کیلو میٹر پر محیط ہے اور سائبرآباد پولیس کمشنریٹ میں 37 لا اینڈ آرڈر اور 14 ٹریفک پولیس اسٹیشن پائے جاتے ہیں جبکہ کل 7 ہزار پولیس ملازمین خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ آبادی اور رقبہ کے لحاظ سے مزید نئے پولیس اسٹیشنوں کے قیام کیلئے بھی چیف منسٹر نے سنجیدگی کا اظہار کیا ہے۔ فی الحال آر سی پورم پولیس حدود میں موجودہ کوللور اور نارسنگی پولیس حدود میں پائے جانے والے علاقہ جنواڑہ، شنکرپلی پولیس اسٹیشن کے علاقہ موکیلا علاقوں کو تقسیم کرتے ہوئے ان علاقوں میں کوللور، موکیلہ اور جنواڑہ میں نئے پولیس اسٹیشن قائم کئے جائیں گے۔ حالیہ دنوں میڑچل کے علاقہ میں نئے ٹریفک پولیس اسٹیشن کا افتتاح عمل میں لایا گیا۔ کمشنریٹ حدود میں نئے پولیس اسٹیشنوں کے قیام اور زون کی تشکیل سے محکمہ کی کارکردگی میں مزید بہتری کی امید جتائی جارہی ہے۔ع