سائبرآباد پولیس کی ٹوئیٹر پر متاثر کن ویڈیو

   

حیدرآباد 9 مارچ (یو این آئی) ‘‘میں مانگنے والا نہیں ہوں۔ میرا بیٹا بھی آپ ہی کی طرح سیٹ بیلٹ نہ باندھ کر گیا جس کے نتیجہ میں وہ حادثہ میں ہلاک ہوگیا ،اسی لئے آپ کو حادثہ سے بچانے کیلئے ہی میں نے آپ کی کار کے شیشے کو کھٹکھٹایا تاکہ آپ کو اس طرف توجہ دلاسکوں’’۔یہ الفاظ ایک شخص کے ہیں جو ایک چھوٹی سی لڑکی کے ساتھ سڑک عبور کرتے ہوئے ایک کار کی طرف جاتا ہے اور سیٹ بیلٹ نہ لگاکر کا رچلانے والی خاتون کو اس طرف توجہ دلا رہا ہے ۔ جب یہ شخص لال سگنل پر رکی ہوئی کار کے قریب جاتا ہے اور کار کا شیشہ سیٹ بیلٹ کے لئے بیداری کے مقصد سے کھٹکھٹاتا ہے تویہ خاتون اس شخص کو بھکاری سمجھ کر اس کو سکہ دیتی ہے تاہم اس کی کوئی پرواہ نہ کرتے ہوئے یہ شخص مسکراتے ہوئے اپنی بات کہہ دیتا ہے ۔ تلنگانہ کی سائبرآباد پولیس کے ٹوئیٹر ہینڈل پر پوسٹ کی گئی اس ایک منٹ 52سیکنڈ کی ویڈیو میں یہ پیام دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ ٹریفک قواعد پر عمل کرنے سے ہم اپنی زندگی کو بچاسکتے ہیں۔ تلگو زبان میں بنائی گئی اس مختصر ویڈیو میں خاتون اور اس شخص کی بات چیت کو بہتر انداز میں پیش کیاگیا ہے ۔اس ویڈیو میں آگے دکھایا گیا ہے کہ اس شخص نے خاتون سے کہا کہ جب اس کے بیٹے نے سیٹ بیلٹ نہیں لگایا تو اس کی کار کے ایربیگس نے کام نہیں کیا اور حادثہ میں اس کی موت ہوگئی۔جس پر اس کو یہ بات سمجھ میں آگئی او روہ سیٹ بیلٹ لگانے کے لئے اصرار کر رہا ہے ۔اس شخص کے ساتھ موجود لڑکی بھی اس خاتون سے سیٹ بیلٹ لگانے کے لئے اصرار کرتی ہے جس پر یہ خاتون اپنی غلطی مانتے ہوئے سیٹ بیلٹ لگالیتی ہے ۔اس کار کے قریب میں ہی ایک بائیک سوار یہ منظر دیکھ رہا ہے ۔ جب یہ شخص اس نوجوان کی طرف اس سمت توجہ دہانی کیلئے بڑھتا ہے تو اس نے بھی فوری اپنی بائیک سے ہیلمٹ نکال کر پہن لی اور قواعد کی پابندی کرنے والے شخص ہونے کا ثبوت دیا۔