سائبر آباد میں لاک ڈاؤن، عوامی تعاون کی ستائش

   

بلا وجہ نہ نکلنے پر زور، عوامی صحت اہمیت کی حامل، کمشنر وی سی سجنار
حیدرآباد۔ کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر وی سی سجنار نے لاک ڈاؤن میں عوامی احتیاط اور اقدامات کی ستائش کی اور کہا کہ لاک ڈاون عوام کی بھلائی و تحفظ اور سلامتی کیلئے نافذ کیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے آئندہ 10 دن مکمل احتیاط سے کام لینے کی اپیل کی ۔ انہوں نے آج سائبرآباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے حالات اور لاک ڈاؤن پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ بنڈلہ گوڑہ ، جاگیر ، سوچترا، الوا، گول ناکہ، دولہ پلی، آر سی پورم ، اولڈ حفیظ پیٹ، بی ایچ ای ایل، میاں پور و دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں 5 ہزار پولیس ملازمین رات دن خدمات پر مامور ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ تاحال 16 ہزار مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ انہوں نے دورہ کے دوران مارکٹ اور دیگر عوامی مقامات کا جائزہ لیا اور کہا کہ گزشتہ 10 دنوں سے عوام کا بہترین تعاون حاصل رہا۔