جنوری سے مئی تک 145 ٹو وہیلرس سوار حادثات کا شکار، ٹریفک قواعد پر عمل آوری کی ضرورت
حیدرآباد: ٹو وہیلرس کے لئے ہیلمٹ کے استعمال کے بارے میں پولیس کی جانب سے شعور بیداری اور پھر چالانات دونوں کا کوئی خاص اثر نہیں ہوا۔ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ کے حدود میں جاریہ سال 145 افراد حادثہ میں اپنی جان گنوا بیٹھے ۔ پولیس کے ریکارڈ کے مطابق ٹو وہیلرس پر سوار ان میں 34 ایسے تھے جو ڈبل سواری سفر کر رہے تھے۔ جنوری سے 31 مئی تک سائبر آباد کے حدود میں ٹو وہیلرس کے حادثات میں 119 افراد ایسے فوت ہوئے جو ہیلمٹ نہیں پہنے تھے۔ 34 ایسے حادثات ہوئے جن میں ٹو وہیلر پر سوار دونوں افراد بھی ہیلمٹ کے بغیر تھے۔ محکمہ پولیس کی جانب سے ہیلمٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے حادثات کے اعداد و شمار عوام کیلئے جاری کئے گئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 26 افراد ہیلمٹ پہننے کے باوجود حادثہ میں زخموں سے جابنر نہ ہوسکے۔ پولیس نے بتایا کہ ٹو وہیلر کے حادثات میں ہلاک ہونے والوں کی اکثریت ایسے افراد کی ہے جنہوں نے یا تو ہیلمٹ نہیں پہنی یا پھر غیر معیاری ہیلمٹ کا استعمال کیا جس سے سر کا تحفظ نہیں ہوسکا۔ بیشتر واقعات میں سر پر چوٹ لگنے سے موت کی تصدیق کی گئی ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بارہا وارننگ کے باوجود ٹو وہیلرس سواروں کی جانب سے ہیلمٹ قواعد کی خلاف ورزی کی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں سائبر آباد کے حدود میں حادثات میں اضافہ ہوا ہے ۔ ہیلمٹ کے بغیر تیز رفتار ڈرائیونگ اور پھر ساتھیوں کے ساتھ گاڑیوں کے ریس چلانے کے نتیجہ میں کئی حادثات پیش آئے ۔ تیز رفتاری کے دوران ذرا سی غفلت توازن کھونے کا سبب بنتی ہے اور حادثہ کے نتیجہ میں سر بری طرح متاثر ہورہا ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ عوام کو حکومت کی جانب سے منظورہ ہیلمٹ کا استعمال کرنا چاہئے تاکہ حادثات کی صورت میں جان کا تحفظ ہوسکے ۔ سائبر آباد کے ڈپٹی کمشنر پولیس ٹریفک وجئے کمار نے کہا کہ قواعد کے مطابق ٹو وہیلر پر سوار دونوں افراد کو ہیلمٹ کا استعمال کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ٹریفک قواعد پر عمل آوری میں سنجیدگی کی ضرورت ہے کیونکہ کوتاہی اور غفلت زندگی سے ہاتھ دھونے کا سبب بن سکتی ہے۔