بدعنوانیوں اور کارکردگی پر مشتمل تفصیلات جمع کرنے کا آغاز
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : سائبر آباد پولیس کمشنریٹ حدود میں انسپکٹران پولیس کے بڑے پیمانے پر تبادلوں کے بعد اب مزید تبدیلیوں کے امکانات جتائے جارہے ہیں ۔ بدعنوانیوں ، شخصی دلچسپی خدمات سے لاپرواہی اور علاقہ میں گرفت نہ رکھنے والے عہدیداروں کی تبدیلی کے بعد اب ایسے انسپکٹران پولیس کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہے جنہوں نے سفارش کے ذریعہ پوسٹنگ حاصل کی تھی ۔ سائبر آباد پولیس کمشنر کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرنے کے بعد اویناش موہنتی نے فوری اقدام کرتے ہوئے دو انسپکٹران پولیس کو خدمات سے معطل کردیا تھا اور بڑے پیمانے پر انسپکٹران پولیس کے تبادلے عمل میں لائے گئے ہیں اس کے ساتھ ہی اسپیشل برانچ اور اعلیٰ سطح کے عہدیداروں کے ذریعہ تحقیقات کی جارہی ہے ۔ چھوٹے سے الزام پر بھی بڑی کارروائی سے انسپکٹران پولیس میں خوف پیدا ہوگیا ہے ۔ ایسے عہدیدار جو عوام سے ملاقات اور ان کے مسائل کی یکسوئی سے لاپرواہی کرتے ہیں اب انہیں بڑا خمیازہ بھگتنا پڑرہا ہے چونکہ عوام کو انصاف رسائی کے لیے کمشنر سے رجوع ہونے میں آسانی پیدا کردی گئی ہے اور کمشنر راست طور پر شکایتوں کا جائزہ لے رہے ہیں اور فوری طور پر تحقیقات کروائی جارہی ہے ۔ اراضیات کے معاملات میں دلچسپی ایک طرفہ کارروائی اور ایک فریق کی حمایت میں دوسرے پر دباؤ اقدامات سے ٹال مٹول اور یہاں تک کہ مبینہ طور پر شکایت گذاروں کو دھمکانے کے بعد انسپکٹران پولیس پر الزامات پائے جاتے ہیں ۔ کمشنر پولیس ان الزامات کی رازدارانہ انداز میں تحقیقات کروارہے ہیں اور رپورٹ حاصل ہونے کے بعد ایسے عہدیداروں کے خلاف کارروائی جاری ہے ۔ سفارشات کے ذریعہ پوسٹنگ حاصل کرنے والے عہدیداروں کا تبادلہ کرتے ہوئے ان کے متعلقہ زون کو ان کی خدمات واپس کردی جارہی ہیں ۔۔ ع