سائبر آباد کی آئی ٹی راہداری کو برقی کی سربراہی میں منفرد مقام

   

Ferty9 Clinic

24 گھنٹے بلا وقفہ سربراہی ، تین خصوصی اسٹیشنوں کی تعمیر، سرمایہ کاری راغب کرنے کی مساعی
حیدرآباد۔19 ۔جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے سائبر آباد کے آئی ٹی راہداری کو بلا وقفہ برقی کی سربراہی کی سہولت والے پہلے علاقہ کا اعزاز دیا ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی نے آئی ٹی راہداری کو حقیقی معنوں میں 24 گھنٹے بلا وقفہ سربراہی یقینی بنانے کا کامیاب تجربہ کیا ہے ۔ علاقہ میں حال ہی میں سوئچنگ اسٹیشن قائم کیا گیا اور حکام نے عنقریب مزید دو اسٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی 33 کے وی صلاحیت کے سوئچنگ اسٹیشنس کے قیام کے مرحلہ میں ہے تاکہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے اداروں کے علاقہ کو برقی کٹوتی سے محفوظ رکھا جاسکے۔ مادھاپور کے علاقہ میں قائم کردہ سوئچنگ اسٹیشن پر 8 کروڑ کی لاگت آئی ہے اور یہ اپنی نوعیت کا پہلا اسٹیشن ہے۔ اس نئی سہولت سے برقی کی بلا وقفہ سربراہی میں مدد ملے گی۔ شہر کے مضافاتی علاقوں میں آئی ٹی اور دیگر صنعتوں کے قیام کی حوصلہ افزائی کیلئے حکومت نے بلا وقفہ برقی کی سربراہی کے وعدہ کی تکمیل کی تیاری کرلی ہے۔ اگر آئی ٹی شعبہ برقی کی سربراہی سے مطمئن ہوگا تو علاقہ میں دیگر ادارے سرمایہ کاری کیلئے راغب ہوں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد اور نانک رام گوڑہ علاقوں میں دو نئے سوئچنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے جن کی صلاحیت 33 کے وی ہوگی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اندرون ایک ماہ یہ اسٹیشن افتتاح کے لئے تیار رہیں گے ۔ برقی حکام کا کہنا ہے کہ آئی ٹی شعبہ کے لئے بلا وقفہ برقی کی سربراہی سے نہ صرف ریاست کی نیک نامی میں اضافہ ہوگا بلکہ آئی ٹی کمپنیوں کی پیداواری صلاحیت بڑھ جائے گی۔ خصوصی اسٹیشنوں کے قیام سے جنریٹر کی طرح از خود برقی سربراہی بلا وقفہ جاری رہے گی۔ سابق میں آئی ٹی شعبہ میں برقی کی سربراہی میں دشواریوں کا سامنا تھا۔ روزانہ کم از کم دو گھنٹے سے زائد تک برقی کی سربراہی میں خلل پڑ رہا تھا ۔ آئی ٹی شعبہ نے اس سلسلہ میں حکومت سے نمائندگی کی جس کے بعد خصوصی اسٹیشنوں کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ آئی ٹی کمپنیوں نے حکومت سے اظہار تشکر کیا ہے۔ آئی ٹی راہداری میں 1200 چھوٹے اور اوسط درجہ کی آئی ٹی کمپنیاں موجود ہیں جن کے ملازمین کی تعداد 6.5 لاکھ سے زائد ہے۔