سائبر جرائم ، ملک میں آن لائین دھوکہ دہی کے 71ہزار واقعات

   

کرناٹک اور تلنگانہ سرفہرست ، سائبر سیکوریٹی پر شعور بیداری کی ضرورت
حیدرآباد ۔25 ۔ مارچ (سیاست نیوز) انفارمیشن ٹکنالوجی کے استعمال میں اضافہ کے منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اور ملک کے بڑے شہروں میں سائبر کرائم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔ سال 2025 کے دوران سروے کے مطابق ملک بھر میں سائبر دھوکہ دہی کے 71500 واقعات منظر عام پر آئے ہیں۔ جنوبی ریاستوں میں سائبر جرائم کے واقعات میں اضافہ کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ سروے کے مطابق بعض شمالی ہند کی ریاستیں بھی سائبر جرائم میں ملوث پائی گئی ہیں۔ ملک کے بڑے شہروں میں جہاں انفارمیشن ٹکنالوجی اور ڈیجیٹل ٹکنالوجی کا استعمال زیادہ ہے ، وہاں آن لائین اسکامس منظر عام پر آئے ہیں۔ فینانشیل فراڈ کے کیسس کے ذریعہ عوام کو کروڑوں روپئے کا دھوکہ دیا گیا۔ ماہرین نے سائبر سیکوریٹی کے بارے میں عوام میں شعور بیداری کی ضرورت ظاہر کی ہے تاکہ سائبر جرائم سے بچا جاسکے۔ آن لائین سائبر دھوکہ دہی کے واقعات میں کرناٹک سرفہرست ہے جہاں گزشتہ سال 18400 معاملات درج کئے گئے ۔ تلنگانہ 15400 کیسس کے ساتھ دوسرے اور اترپردیش 9200 کیسس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ آن لائین دھوکہ دہی اور سائبر جرائم کے کیسس میں بہار ، راجستھان ، گجرات ، مدھیہ پردیش، مغربی بنگال ، اڈیشہ ، آندھراپردیش اور ٹاملناڈو بھی شامل ہیں۔ آندھراپردیش میں 3200 اور ٹاملناڈو میں 2800 آن لائین دھوکہ دہی کے معاملات درج کئے گئے۔1