سائبر جرائم میں ملوث 81 افراد بشمول خواتین گرفتار:شیکھا گوئل

   

حیدرآباد : /9 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ سائبر سکیورٹی بیورو نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے مختلف سائبر جرائم میں ملوث 81 افراد کو گرفتار کرلیا ہے جن میں سات خواتین بھی شامل ہیں۔ یہ گرفتاریاں ملک کی پانچ ریاستوں کیرالا ، مہاراشٹرا ، آندھرا پردیش، ٹاملناڈو اور کرناٹک سے عمل میں آئی ہیں۔ ڈائرکٹر ٹی جی ایس سی بی، شکھا گوئل نے بتایا کہ اس آپریشن کا بنیادی مقصد اس کڑی کو توڑنا ہے جو سائبر مجرموں کو آزادی کے ساتھ کام کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار شدگان میں ایک خانگی بینک کا سیلز ایگزیکٹیو شامل ہے جو 106 مقدمات میں ملوث پایا گیا۔ اسی طرح دو دیگر خانگی بینکوں کے ملازمین بھی غیر قانونی مالی سرگرمیوں میں شامل تھے۔ شیکھا گوئل نے کہا کہ ایسے سہولت کار، جو بینک اکاؤنٹس، موبائل نمبرز، سم کارڈز اور مالیاتی ذرائع فراہم کرتے تھے، شناخت کر کے گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ اس کارروائی کا مقصد ان جرائم پیشہ گروہوں کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنا ہے تاکہ وہ مالی دھوکہ دہی کے اقدامات کے لیے درکار وسائل سے محروم ہوجائیں۔ تحقیقات کے دوران ملزمین سے وابستہ متعدد بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ہیں اور متاثرین کو رقم واپس کرنے کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے۔ پولیس نے گرفتار شدہ افراد کے قبضے سے 84 موبائل فونس، 101 سم کارڈز، 89 بینک پاس بک اور چیک بکس ضبط کی ہیں جو مختلف دھوکہ دہی کی کارروائیوں میں استعمال ہو رہی تھیں۔ گرفتار افراد میں 28 کیرالا، 23 مہاراشٹرا، 10 آندھرا پردیش، 7 ٹاملناڈو اور 13 کرناٹک کے افراد شامل ہیں۔