سائبر جرائم کی شکایتیں اب مقامی پولیس اسٹیشن میں درج کرنے کی سہولت

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ 15 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : سائبر جرائم سے متعلق شکایتیں اب حیدرآباد میں مقامی پولیس اسٹیشن میں درج کروائی جاسکتی ہیں ۔ سائبر جرائم کے شکار لوگوں کو اس کی شکایت درج کروانے کے لیے سائبر کرائم پولیس اسٹیشن جانے کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ مقامی پولیس اسٹیشن میں انہیں درج کروانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ اس سلسلہ میں حیدرآباد پولیس نے قدم اٹھایا ہے تاکہ متاثرین کی فوری پولیس سے رجوع ہونے میں مدد ہو اور بروقت کارروائی کی جاسکے ۔ سابق میں سائبر جرائم کے شکار بشمول مالیاتی دھوکہ دہی ، آن لائن ہراسانی ، جنسی ہراسانی ، فرقہ وارانہ اور دیگر سائبر جرائم کے شکار لوگوں کو بشیر باغ میں حیدرآباد سائبر کرائم پولیس اسٹیشن جاکر شکایت درج کروانا پڑتا تھا ۔ اس میں ہونے والی دشواریوں اور جرم کی اطلاع میں تاخیر کو دیکھتے ہوئے پولیس کی جانب سے اب مقامی پولیس اسٹیشنس میں شکایتیں لی جارہی ہیں ۔ اے سی پی ( سائبر آباد ) کے وی ایم پرساد نے کہا کہ اگر کوئی سائبر دھوکہ دہی کا شکار ہو کر ایک لاکھ روپئے سے کم رقم کھو دے تو وہ مقامی پولیس اسٹیشن پہنچ کر اس کی شکایت درج کرواسکتے ہیں ۔ مقامی پولیس اس پر کارروائی کرے گی اور اس کے مطابق کیس کی تحقیقات بھی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر رقم ایک لاکھ روپئے سے زیادہ ہو تو وہ حیدرآباد سائبر کرائم اسٹیشن سے رجوع ہوسکتے ہیں ۔ سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار نے گذشتہ سال اعلان کیا تھا کہ 2021 میں مقامی پولیس اسٹیشنس پر سائبر جرائم سے متعلق شکایتوں کو قبول کرنا شروع کیا جائے گا ۔ گذشتہ چند برسوں میں سائبر جرائم کے واقعات میں ہوئے بہت اضافہ کے پیش نظر بھی یہ فیصلہ کیا گیا ۔ سائبر جرائم کے واقعات میں فینانشیل معاملتوں اور آفس ورک کے لیے موبائل فونس ، کمپیوٹرس ، ٹیابس اور لیاپ ٹاپس کے بہت زیادہ استعمال کے باعث مزید اضافہ کا امکان ہے ۔ اب تک یہ کیسیس شہر میں میر چوک ، مہانکالی ، لالہ گوڑہ ، عثمانیہ یونیورسٹی اور دیگر پولیس اسٹیشنس میں بک کئے گئے ۔۔