سائبر حملہ: البانیہ کے ایران سے تعلقات منقطع،سفارتی عملہ ملک بدر

   

تہران۔ البانیہ نے ایران پر سرکاروی ویب سائٹس پر سائبر حملے کا الزام لگاتے ہوئے تہران کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کر دیے ہیں۔ خبر رساں ادارہ اسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق البانیہ کے وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات توڑ لیے ہیں اور ملک میں ایرانی سفارت خانے کے عملے کو ملک بدر کردیا ہے۔ البانیہ اور امریکہ نے تہران پرتقریباً دو ماہ قبل مبینہ طور پرایک بڑا سائبر حملہ کرنے کا الزام لگایا تھا جس کا ہدف البانیہ کی سرکاری ویب سائیٹس تھیں۔ ناٹو کے رکن ملک البانیہ کا یہ منظر عام پر آنے والہ یہ پہلا ایسا واقعہ ہے جس میں سائبر حملے کی پاداش میں ایک ملک نے کسی دوسرے ملک سے تعلقات منقطع کر لیے ہوں۔ ادھر وائٹ ہاؤس نے بھی چہارشنبہ کے روزسائبر اسپیس کی ایک پریشان کن مثال کا حوالہ دیتے ہوئے ایران کے خلاف جوابی کارروائی کے عزم اظہار کیا ہے۔ یہ کارروائی کیا ہو گی اس کی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔