سائبر حملے کے چار دن بعد بھی یورپی ایرپورٹس ہنوز متاثر

   

لندن ۔، 22 ستمبر (ایجنسیز) یورپ کے کئی بڑے اپر پورٹس پیرکو بھی مسائل کا سامنا کر رہے تھے، جب کہ ہیکرز نے کولنز ایرواسپیس کے فراہم کردہ خودکار چیک ان سسٹمزکو معطل کر دیا تھا، جس کے نتیجے میں جمعہ سے درجنوں پروازیں متاثر ہوئیں اور ہزاروں مسافر مشکلات کا شکار ہوئے۔ یورپی یونین کی سائبر سیکیورٹی ایجنسی نے پیر کو اس حملے کی تصدیق کی اور کہا کہ ایسے سائبر حملے اہم بنیادی ڈھانچے اور صنعتوں کے لیے بڑھتے ہوئے خطرات کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ایجنسی نے بتایا کہ قانون نافذکرنے والے ادارے بھی تحقیقات میں شامل ہیں، تاہم سائبر حملے کے آغاز کے مقام کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ حالیہ مہینوں میں حکومتیں اورکمپنیاں کئی سائبر حملوں کی زد میں آ چکی ہیں، جن میں لگژری کار ساز کمپنی جیگوار لینڈ روور بھی شامل ہے، جس نے اس کے نتیجے میں اپنی پیداوار روکنی پڑی۔کولنز ایرواسپیس نے پیرکو بتایا کہ وہ متاثرہ ایرپورٹس، جن میں برسلز اور لندن ہیثرو شامل ہیں، کے ساتھ کام کر رہا ہے اور مکمل فعالیت بحال کرنے کے لیے اپ ڈیٹس کو آخری مراحل میں مکمل کر رہا ہے۔