سائبر دھوکہ بازوں کے خلاف پولیس کا اقدام

   

lگوگل۔ واٹس ایپ، فیس بک، انسٹا گرام سے سفارش
l دھوکہ باز ۔ لینکس اور فرضی اپلکیشن کو ہٹایا جائے گا
حیدرآباد۔/27 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سماج میں دن بہ دن اضافہ ہورہی سائبر دھوکہ دہی کے واقعات پر قابو پانے کیلئے سائبر کرائم پولیس نے بالآخر مثبت اقدامات کی جانب پہل کا آغاز کردیا ہے۔ سوشیل نیٹ ورکنگ سائیٹ کی آڑ میں فرضی و نقلی ویب سائیٹس کے ذریعہ عوام کو آسانی سے دھوکہ دینے والے سائبر دھوکہ بازوں پر گرفت بنانے کا آغاز کیا گیا ہے۔ سائبر کرائم حیدرآباد نے اس خصوص میں بڑی کمپنیوں کو پابند کرنے ارادہ کرلیا ہے اور ان فرضی و نقلی ویب سائیٹس و اپلکیشن کو انٹر نیٹ سے برخواست کرنے کیلئے اب کمپنیوں کو پابند کردیا جارہا ہے تاکہ تیزی کے ساتھ فرضی مواد کو ہٹاکر عوام کو دھوکہ بازوں سے بچایا جاسکے۔ سائبر کرائم پولیس نے گوگل فیس بک ، واٹس ایپ، انسٹا گرم کو خطوط روانہ کئے ہیں اور ان سے درخواست کی جارہی ہے کہ وہ نقلی مواد کو فوری انٹرنیٹ سے ہٹادیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 16 ماہ کے دوران عوام کے 16 کروڑ روپئے لوٹنے والے ملکی اور غیر ملکی بالخصوص چینی دھوکہ بازوں کی گرفتاری کے باوجود دھوکہ دہی کے واقعات کم نہیں ہوئے۔ سائبر کرائم پولیس نے سنجیدگی سے غور و خوض کے بعد یہ نتیجہ نکالا ہے کہ اپلیکیشن اور اشتہارات کو فوری ہٹادیا جانا چاہیئے جو سائبردھوکہ بازوں کا عوام کو اپنے جال میں پھانسنے کا اصل ہتھیار ہے۔ خرید و فروخت کی مفت سہولت کا اولیکس کمپنی نے ویب سائیٹ میں چند ماہ قبل پیشکش کیا تھا اس پیشکش کی آڑ میں سائبر دھوکہ باز اشیاء کی کم قیمت میں فروختگی، موٹر گاڑیوں کو کم قیمت پر فروخت کرنے کا جھانسہ دے کر عوام سے رقم لوٹ رہے ہیں۔ متعدد شکایتوں پر سائبر کرائم پولیس نے سائبر دھوکہ بازوں کے علاوہ اولیکس ادارہ کے نمائندوں کے خلاف بھی مقدمات درج کئے اور ان ذمہ داروں کو پابند کرتے ہوئے نقلی، فرضی اور دھوکہ پر مبنی اشتہارات کی ذمہ داری انہی پر عائد کئے جانے پر اس کمپنی کے ذمہ داروں نے راجستھان اور بہار سے آنے والے ان اشتہارات کو ہٹادیا تھا۔اس کے علاوہ لون اپلیکیشن کو ہٹانے کی گوگل سے کی گئی درخواست پر گوگل نے اپنا ردعمل ظاہر کیا اور پلے اسٹور سے 350 لون اپلکیشن کو نکال دیا گیا۔ اب جبکہ گوگل پلے اسٹور میں دھوکہ دہی پر مبنی ایپ کو رکھنا مشکل ہوگیا اس کے بعد دھوکہ بازوں نے نیا طریقہ ایجاد کرلیا ہے اور اب سائبر دھوکہ باز فیس بک، انسٹا گرام اور واٹس ایپ کے ذریعہ اپنے ناپاک عزائم کو پورا کررہے ہیں۔ گذشتہ 15 ماہ کے عرصہ میں فیس بک کے مارکٹ پلیس میں چند لینکس کو رکھا جارہا ہے اور واٹس ایپ، انسٹا گرام کے استفادہ کنندگان کو یہ لینکس روانہ کئے جارہے ہیں اور نئی پیشکش اور سوغاتیں دے کر کم سرمایہ پر زائد منافع کا لالچ دیتے ہوئے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ ان لینکس کی جانچ کیلئے سائبر کرائم کی جانب سے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا جارہا ہے اور پولیس کی جانب سے فیس بک اور واٹس ایپ کے ذمہ داروں کو ایسی لینکس سے آگاہ کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ موثر اقدامات کئے جاسکیں۔A