سائبر دھوکہ بازوں کے نئے طریقہ سے سائبر پولیس الجھن کا شکار

   

امیزان کسٹمر کیر سے بات چیت کے بعد کھاتے سے 19 لاکھ روپئے غائب
حیدرآباد۔/3نومبر،( سیاست نیوز) سائبر دھوکہ بازوں کے نئے طریقہ کار سے پولیس کی الجھنوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ سائبر آباد سائبر کرائم پولیس میں گزشتہ روز ایک شکایت درج کی گئی ۔انتہائی حساس اور مشکل ترین کیسس کو حل کرنے والی سائبر آباد پولیس کے لئے اب یہ کیس ایک چیالنج بن گیا ہے۔ ابھی تک آر ٹی پی سی نمبر ، فیشنگ آن لائن خریداری اور لین دین کے دوران دھوکہ دہی کے واقعات پیش آتے تھے لیکن اب سائبر دھوکہ بازوں نے بغیر او ٹی پی استعمال کے ذریعہ 19 لاکھ روپئے شکایت گذار کے کھاتے سے لوٹ لئے۔ ایک کھاتے سے دوسرے کھاتے میں رقم کو منتقل کرنے کے بعد رقم لوٹ لی گئی۔ ایک پارسل کی تاخیر کو حل کرنے کیلئے محض 10 روپئے حاصل کرتے ہوئے 19 لاکھ لوٹ لئے گئے اور رقم مختلف ریاستوں کے اے ٹی ایم سنٹرس سے ڈرا کروائی گئی۔ اس تعلق سے جب بینک سے دریافت کیا گیا تو بینک کو بھی اس کا علم نہیں تھا۔ خود بینک کے ذمہ داروں نے بتایا کہ بینک کے سرور کو ہائیک کرتے ہوئے یہ کارروائی کی گئی ہو۔ بتایا جاتا ہے کہ متاثرہ 28 سالہ خاتون جو دہلی سے تعلق رکھتی ہے جو حیدرآباد کے کنڈہ پور علاقہ میں قیام پذیر ہے مکان کی خریداری کیلئے اس خاتون نے بینک میں 17 لاکھ روپئے جمع رکھے ۔ 20 دن قبل امیزان میں اس نے ایک آرڈر بک کروایا جس کی ڈیلیوری نہیں ہوئی تھی تاخیر کے سبب اس خاتون نے کسٹمرکیر سے ربطہ قائم کیا جس پر اس خاتون کو بتایا گیا کہ آرڈر ڈی ٹی ڈی سی کورئیر کے ذریعہ روانہ کردیا گیا ہے۔ خاتون نے گوگل پر ڈی ٹی ڈی سی کے کسٹمر کیر کا نمبر تلاش کیا اور رابطہ قائم کیا اور اپنا مسئلہ پیش کیا۔ جس کے 10 منٹ بعد ایک فون کال پر خاتون کو بتایا گیا کہ بارش کے سبب سامان کی ڈیلیوری میں تاخیر ہوئی ہے۔ جس کے بعد خاتون کو 10 روپئے ادا کرنے کو کہا گیا اور ڈیلیوری پہنچانے کا وعدہ کیا۔ فون کا سگنل نہ ہونے کے سبب اس خاتون نے اپنی سہیلی کا نمبر اس دھوکہ باز کو دیا اور اس کے فون پر اس نے لنک روانہ کیا۔ اس فون پر حاصل کردہ لنک پر اپنی تمام تفصیلات کو پیش کیا۔ اس طرح ان دونوں کے فون نمبرات اور تفصیلات کے ذریعہ ایک دوسرے کے کھاتے میں رقم کو ٹرانسفر کرتے ہوئے دھوکہ بازوں نے 19 لاکھ روپئے لوٹ لئے۔ بینک اسٹیٹمنٹ سے پتہ چلا کہ ملک کی مختلف ریاستوں کے اے ٹی ایم سنٹرس سے رقم کو ڈرا کروالیا گیا۔ سائبر کرائم پولیس نے خاتون کے کھاتہ کو مہربند کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ع