ممبئی: بالی وڈ میں سائرہ بانو کا ایسی اداکاراؤں میں شمار ہوتا ہے جنہوں نے 1960 ء اور 70 ء کی دہائی میں اپنی دلکش اداؤں اور بہترین اداکاری سے فلم شائقین کا اپنا دیوانہ بنایا۔سائرہ بانو کی پیدائش 23 اگست 1944 میں ہوئی تھی۔ ان کی ماں نسیم بانو 30 اور 40 کی دہائی کی معروف اداکارہ تھیں جنہیں بیوٹی کوین کہا جاتا تھا اور وہ پری چہرہ نسیم کے نام سے مشہور تھیں۔ سائرہ بانو کا بچپن لندن میں گزرا اور وہیں سے انہوں نے تعلیم حاصل کی۔ تعلیم حاصل کرنے کے بعد سال 1960 میں وہ ممبئی آگئیں۔1961 میں فلم ‘جنگلی’ ریلیز ہوئی ۔ اس فلم میں ان کے ہیرو شمی کپور تھے ۔ فلم میں سائرہ نے کشمیری دوشیزہ کا کردار ادا کیا تھا۔ بہترین نغموں اور عمدہ موسیقی سے آراستہ اس فلم نے زبردست کامیابی حاصل کی۔ اس فلم نے نہ صرف سائرہ بلکہ شمی کپور کو بھی بالی وڈ میں ایک اسٹار کے طور پر شناخت دلائی۔ اس دور کی طرح آج بھی اس فلم کے نغمے سامعین کو مسحور کردیتے ہیں۔