اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیر کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر خصوصی عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزائیں کالعدم قرار دے دی ہیں۔سائفر کیس میں رواں برس 30 جنوری کو عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو 10، 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے ملزمان کی موجودگی میں مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے سزا سنائی تھی، جس کے بعد فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے سزاؤں کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پیر کو کیس کی سماعت کرتے ہوئے سائفر کیس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر خصوصی عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزائیں کالعدم قرار دیں۔سماعت کے دوران چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ شام کو کیے گئے ٹرائل کی کیا حیثیت ہو گی؟ اس حوالے سے بھی پوچھیں گے، ایسی کیا بے چینی تھی کہ رات کے 9بجے بھی ٹرائل ہو رہا تھا؟ یہ ہائبرڈ قسم کا کیس ہے اور اس میں نئی عدالتی نظیر تیار ہو گی۔‘