ڈنمارک اوپن میں ہندوستانی کھلاڑیوں کا مایوس مظاہرہ
اوڈنس (ڈنمارک) ۔17 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ڈنمارک اوپن ویمنز اور مینز سنگلز مقابلوں میں ٹاپ ہندوستانی شٹلرز سائنا نہوال اور کِدامبی
سریانت کو پہلے راؤنڈ میں ہی شکست برداشت کرنی پڑی ہے ۔ سائنا فارم حاصل کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہیں اور پہلے مرحلے کے مقابلے میں جاپان کی سیاکا تاکاہاشی کے خلاف 15-21 21-23 سے شکست ہوئی جو 37 منٹ تک جاری رہنے والے میچ تھا اس شکست کے بعد سائنا 775,000 امریکی ڈالر کے ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئی۔29 سالہ لندن اولمپکس برونز میڈلسٹ سائنا پچھلے سال اس ٹورنمنٹ میں رنر اپ تھی۔جنوری میں انڈونیشیا ماسٹرز کے بعد سے عالمی نمبر 8 سائنا فٹنس مسائل کی وجہ سے سخت حالات سے گزر رہی ہیں۔ سائنا اس سال کے شروع میں چائنا اوپن اورکوریا اوپن میں بھی پہلے راؤنڈ سے باہر ہوئیں۔ اگست میں تھائی لینڈ اوپن میں آخری مرتبہ عالمی نمبر 12 تکاہاشی نے سائنا کو شکست دی تھی۔ مینز سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں سابق چمپیئن کدامبی سریانت کو ڈنمارک کے چوتھے سیڈ اینڈرس انٹونسن سے 14-21 18-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جو 43 منٹ تک جاری رہا۔ گھٹنے کے مسئلے کی وجہ سے چین اورکوریا اوپن میں شرکت نہ کرنے والے سریانت نے 2017 ورلڈ چمپیئن شپ میں انٹونسن کو شکست دی تھی ، لیکن ڈنمارک کے شٹلر نے اس کے بعد سوئٹزرلینڈ میں رواں سال ورلڈ چمپیئن شپ کے فائنل میں پہنچ کر بہترین مظاہرہ کیا۔فی الحال چوتھے
نمبر پر، انٹونسن نے انڈونیشیا ماسٹرز ، بارسلونا اسپین ماسٹرز ، یوروپی گیمز جیت کر اس سال انڈونیشیا اوپن سوپر 1000 میں فائنل میں جگہ بنائی ۔ دیگر مقابلوں میں سمیر ورما نے مردوں کے سنگلز میں پہلی رکاوٹ کو عبور کیا جب انہوں نے جاپان کی کانٹا سونیوما کو 29 منٹ میں 21۔21۔ 21۔11 سے شکست دی ۔ پرانا وجیری چوپڑا اور این سکی ریڈی کی ہندوستانی مکسڈ ڈبلز جوڑی نے مارون سیڈل اور لنڈا ایفلر کی جرمن جوڑی کو 21۔16۔21۔11 سے شکست دیکر دوسرے مرحلے میں جگہ بنالی۔ایک اور مکسڈ ڈبلز پہلے راؤنڈ میچ میں ، ساتویکسراج رانکی اور اشونی پونپا میدان میں نہیں اتری جس کی وجہ سے چین کی دوسری سیڈ چین کی جوڑی وانگ یی لیو اور ہوانگ ڈونگ پنگ نے دوسرے مرحلے میں رسائی حاصل کی۔