بنکاک۔ یکم ؍ اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی شٹلر اسٹار سائنا نہوال اور کدامبی سریکانت نے آج یہاں تھائی لینڈ اوپن کے دوسرے دور میں اپنے اپنے مقابلوں میں شکست سے دوچار ہوکر مقابلہ سے باہر ہوگئے۔ سائنا کو جاپان کے کھلاڑی سیاکا تاکاشاہی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ سریکانت کو مقامی کھلاڑی کوست فیت پربت نے شکست دی۔ اس کی وجہ سے سائنا نہوال کا کورٹ پر واپسی کا سفر بہت جلد اختتام کو پہنچ گیا جنہوں نے قریب دو مہینے بعد واپسی کی تھی۔ وہ سبقت کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہیں اور 48 منٹ تک جاری رہے دوسرے دور کے مقابلہ میں تاکاشاہی سے 21-16,11-21,14-21 سے شکست سے دوچار ہوگئیں۔ اولمپک میڈلسٹ پی وی سندھو کی غیرحاضری میں سائنا کے شکست ہوجانے سے ہندوستان کا اس ٹورنمنٹ کے وومن سنگل کھیل ختم ہوگیا۔ سائنا نے چوٹ لگنے کے سبب انڈونیشیاء اوپن اور گذشتہ ہفتہ جاپان سے بھی پیچھے ہٹ جانے کا فیصلہ کیا تھا۔ دوسری طرف سریکانت کو کوست کے خلاف 21-11,16-21,12-21 سے ہار جھیلنی پڑی۔ انہوں نے پہلا گیم آسانی سے جیت لیا تھا تاہم اگلے دنوں میں کھیل میں وہ کچھ خاص نہیں کر پائے اور شکست کھا کر کھیل سے باہر ہوگئے۔ البتہ ہندوستان کیلئے مینس ڈبل ایونٹس میں اچھی خبر رہی جس میں ستک سائی راج ، رنکی ریڈی اور چراغ شٹی کی جوڑی میں فجرالفیا اور محمد ریان کی انڈونیشیائی جوڑی پر راست کھیل میں 21-17,21-19 سے کامیابی حاصل کی۔ ہندوستانی جوڑی کا سامنا اب جمعہ کے روز کوریا سے چوئی شول گویو اور سیوسیونگ جائے کی کوالیفائر جوڑی سے ہوگا۔