اوساکا (جاپان)۔ ہندوستانی شٹلرکدامبی سری کانت مردوں کے سنگلز راؤنڈ آف 16 میں پہنچ گئے لیکن ہم وطن لکشی سین اور سائنا نہوال یہاں جاپان اوپن 2022 بیڈمنٹن ٹورنمنٹ کے ابتدائی راؤنڈ میں شکست کھا کر باہر ہوگئی ہیں حالانکہ خاتون زمرے کے سنگلز میں تمام تر توجہ کی سائنا ہی مرکز تھیں کیونکہ ایک اور ہندوستانی کھلاڑی پی وی سندھو زخمی ہوکر اس ایونٹ سے دستبردار ہوئی ہیں۔سائنا کی اس ناکامی نے ہندوستانی شائقین کے علاوہ خود کھلاڑی کوبھی مایوس کیا ہے کیونکہ وہ زخموں سے صحت یابی کے بعد سے کوئی بڑا ایونٹ جیت نہیں پائی ہیں ۔ سابق عالمی نمبر ایک سری کانت نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں ملائیشیا کے لی زی جیا کو ، 22-20، 23-21 سے شکست دی، جو آل انگلینڈ کے چمپئن اور بی ڈبلو ایف سوپر 750 ایونٹ میں پانچویں سیڈ ہیں۔ سری کانت نے اپنی جیت کے بعد کہا یہ ایک قریبی میچ تھا اور کسی بھی طرف جا سکتا تھا لیکن میں جس طرح سے کھیلا اس سے خوش ہوں۔ اس اعلی سطح پرکھیلوں کو ختم کرنا ضروری ہے کیونکہ ہر میچ مشکل ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلے گیم میں 16-12 سے آگے تھا لیکن بہت زیادہ پوائنٹس دینے کے بعد خود کو 20-18 سے پیچھے پایا۔ میں نے صرف اپنے آپ سے کہا کہ مستقل رہوں اور آسان پوائنٹس نہ دوں۔ میں جیت کر ہمیشہ کی طرح خوش ہوں اور اب میں واپس جاؤں گا اور اس بارے میں سوچیں کہ اپنے اگلے حریف کو کیسے شکست دی جائے۔ اس دوران کامن ویلتھ گیمز کے چمپئن لکشیا سین اپنے پہلے میچ میں گھریلو پسندیدہ کھلاڑی کینتا نشیموتو سے 21-18، 14-21، 13-21 سے ہارنے کے بعد جاپان اوپن سے باہر ہوگئے۔ دوسری جانب اولمپک میڈل جیتنے والی سائنا نہوال بھی نئی عالمی چمپئن جاپان کی اکانے یاماگوچی سے 9-21، 17-21 سے ہارکر ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔ ایم آرارجن اور دھروکپیلا کی جوڑی جو گزشتہ ہفتے ورلڈ چمپئن شپ کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے والی پہلی ہندوستانی مردوں کی ڈبلز جوڑی بنی تھی، جنوبی کوریا کے چوئی سوئی گیو اور کم کے خلاف 21-19، 21-23، 15-21 کی شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ کامن ویلتھ گیمز 2022 میں برونز میڈل جیتنے والی ٹریسا جولی اور گایتری گوپی چندکو بھی تھائی لینڈ کی ساتویں سیڈ جونگکولفن کٹیتھراکول اور رویندا پرجونگجائی سے 17-21، 18-21 کی شکست ہوئی۔ جوہی دیوانگن اور وینکٹ گورو پرساد کی مکسڈ ڈبل جوڑی کو 23 منٹ میں چین کے ٹاپ سیڈ زینگ سی وی اور ہوانگ یا کیونگ سے 11-21، 10-21 سے شکست ہوئی۔