نئی دہلی: سائنا نہوال مشہور بیڈمنٹن کھلاڑی ہے۔ اس کھیل میں سائنا کا سفر کم عمری میں شروع ہوا اور وہ تیزی سے آگے بڑھتے ہوئے اولمپکس میں بیڈمنٹن کا تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی بن گئی جب لجنڈری کوچ پی گوپی چند کی سرپرستی میں 22 سالہ سائنا نہوال نے 2012 کے لندن اولمپکس میں ہندوستانی بیڈمنٹن میں ایک نیا باب لکھا ۔ سائنا نے لندن گیمز میں برونز میڈل جیتا۔ اپنے پورے کریئر میں سائنا نے متعدد چمپئن شپ جیتے، جن میں ورلڈ چمپئن شپ اور کامن ویلتھ گیمز شامل ہیں ۔ ان کے عزم اور استقامت نے ہندوستان اور دنیا بھر میں بہت سے اُبھرتے کھلاڑیوں کو متاثر کیا ہے۔ سائنا کی پیدائش 17 مارچ 1990 کو حصار، ہریانہ میں ہوئی۔ سائنا کے والدین دونوں ہی سابق میں پیشہ ور بیڈمنٹن کھلاڑی تھے ۔ سائنا نے اپنے آبائی شہر حصار سے حیدرآباد منتقل ہونے کے بعد 1998میں بیڈمنٹن کھیلنا شروع کیا ۔ سائنا کے والد انہیں کھیل سیکھنے کیلئے لال بہادر شاستری اسٹیڈیم لے جایا کرتے تھے۔ اسٹیڈیم میں ایک کوچ نانی پرساد راؤ نے سائنا کی صلاحیتوں کو دیکھا اور ان کی فیملی کو کامیاب ترغیب دی کہ سائنا کو بیڈمنٹن کے شعبہ میں ہی آگے بڑھائیں۔ سائنا کو 2016 میں ملک کا تیسرا سب سے بڑا شہری اعزاز ’پدم بھوشن‘ دیا گیا۔ اس سے قبل 2010میں سائنا کو ’پدم شری‘کے خطاب سے نوازا گیا۔2009 میں حکومت ہند کی طرف سے ارجن ایوارڈ دیا گیا۔ نیز سائنا نہوال کو 2010میں کھیلوں کا اعلیٰ ترین اعزاز راجیو گاندھی کھیل رتن سے بھی نوازا گیا۔