سائنا نہوال کی بی جے پی میں شمولیت

   

حیدرآباد۔/29 جنوری، ( سیاست نیوز) ملک کی مایہ ناز بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال چہارشنبہ کو بی جے پی میں شامل ہوگئیں۔ وہ اپنی بڑی بہن چندرانسو نہوال کے ساتھ نئی دہلی میں واقع بی جے پی کے صدر دفتر پہنچی تھیں جہاں اس پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے ان کا استقبال کیا اور پارٹی کی رکنیت دی۔ سائنا نہوال نے اس موقع پر اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ بی جے پی میں شمولیت پر انہیں خوشی ہے کیونکہ اس سے قوم کی خدمت کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت پسند کرتی ہیں کیونکہ ان کی حکومت اسپورٹس کی ترقی کیلئے بہت کچھ کی ہے۔ سائنا نہوال ہریانہ میں پیدا ہوئی تھیں اور حیدرآباد میں پلی بڑھی ہیں۔ وہ اپنے کیریئر میں تاحال 24 بین الاقوامی ٹائٹلس جیت چکی ہیں۔ انہیں 2009 میں عالمی نمبر 2 اور 2015 میں عالمی نمبر ایک کا مقام حاصل ہوا تھا۔