سائنا نیوزی لینڈ اوپن میں خطاب کیلئے پرعزم

   

آکلینڈ ۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال حالیہ سیزن میں ناکام مظاہروں کو پس پشت ڈالتے ہوئے کل یہاں شروع ہونے والے نیوزی لینڈ اوپن میں بہتر مظاہرہ کیلئے پرعزم ہیں۔ سائنا نہوال کو گذشتہ ہفتہ ایشیاء بیڈمنٹن چمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں شکست برداشت کرنی پڑی تھی لیکن حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی 29 سالہ سائنا کو نیوزی لینڈ اوپن میں دوسرا مقام حاصل ہوا ہے اور وہ رواں برس اپنے دوسرے خطاب کیلئے یہاں مہم کا آغاز چین کی وانگ ژی لی کے خلاف پہلے مرحلہ کے مقابلہ سے کرے گی۔ عالمی نمبر 9 سائنا رواں سیزن ہندوستان کی واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے خطاب حاصل کیا ہے جیسا کہ رواں برس انہوں نے انڈونیشیاء ماسٹرس کا خطاب حاصل کیا ہے اور کل شروع ہونے والے نیوزی لینڈ اوپن میں وہ سیزن کا دوسرا خطاب حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ دریں اثناء پی وی سندھو جنہیں ایشیاء بیڈمنٹن چمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں شکست ہوئی تھی، وہ نیوزی لینڈ اوپن میں شرکت نہیں کررہی ہیں۔